کرکٹ ورلڈ کپ: پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات کتنے؟
کرکٹ ورلڈ کپ: پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات کتنے؟
منگل 24 اکتوبر 2023 10:17
افغانستان نے پاکستان کی جانب سے دیا گیا 283 رنز کا ہدف 49 ویں اوور میں حاصل کیا (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کو آئی سی سی ون ڈے کرکٹ ورلڈ کپ 2023 میں مسلسل تیسری شکست کے بعد بڑا دھچکا لگا ہے۔ افغانستان کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات کافی کم نظر آرہے ہیں اور صورتحال پھر اگر مگر کی جانب بڑھتی دکھائی دے رہی ہے۔
پاکستان ٹیم کے لیے ناک آؤٹ تک پہنچنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ انہوں نے نیدرلینڈز اور سری لنکا کے خلاف جیت کے ساتھ اچھی شروعات کی، لیکن پھر انڈیا، آسٹریلیا اور اب افغانستان سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
چنئی کے چدم برم سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جس کے بعد گرین شرٹس نے مقررہ 50 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 282 رنز بنائے تھے۔ افغانستان نے پاکستان کی جانب سے دیا گیا 283 رنز کا ہدف 49 ویں اوور میں حاصل کرلیا۔
پاکستان کے باقی میچز جنوبی افریقہ، بنگلہ دیش، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے خلاف ہیں۔ چار حریفوں میں سے کم از کم تین آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مراحل میں جگہ کے لیے مدمقابل ہوں گے۔
یہاں یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ پوانٹس ٹیبل پر پاکستان سے بہتر پوزیشن پر ہیں۔ انگلینڈ ٹیبل میں سب سے نیچے ہے، جبکہ پاکستان پانچویں نمبر پر ہے۔ پاکستان سے اوپر آسٹریلیا 4 پوائنٹس کے ساتھ چوتھی اور جنوبی افریقہ 6 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن پر ہے۔
اب سوال یہ ہے کہ کیا پاکستان سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر سکتا ہے؟ اگر ہاں، تو کیسے؟ چلیے اس پر نظر ڈالتے ہیں:
پاکستان بقیہ چار میچز جیتے
اگر پاکستان گروپ مرحلے میں اپنے بقیہ میچز جیت بھی جاتا ہے، تب بھی وہ 12 پوائنٹس کے ساتھ سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل ہوگا۔ انڈیا اور نیوزی لینڈ کے پہلے ہی بالترتیب 10 اور آٹھ پوائنٹس ہیں۔
انگلینڈ اور بنگلہ دیش کو شکست دینے سے وہ اہلیت کی دوڑ سے باہر ہو جائیں گے، لیکن پھر بھی انہیں آسٹریلیا کے نتائج پر انحصار کرنا پڑے گا۔
نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا سے ہارے
اگر پاکستان باقی تمام میچ جیت جائے اور پھر نیوزی لینڈ کم از کم جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا سے ہارے۔ پھر ان کے پانچ میچز جیتنے کے بعد 10 پوائنٹس ہوں گے اور پاکستان چھ میچ جیتنے کے بعد 12 پوائنٹس حاصل کر پائے گا۔
جنوبی افریقہ، انڈیا اور نیوزی لینڈ سے ہارے
اگر پاکستان اپنے باقی تمام میچ جیت جائے اور پھر جنوبی افریقہ کم از کم انڈیا اور نیوزی لینڈ سے ہارے۔ اس صورت میں جنوبی افریقہ کے پانچ میچز جیتنے کے بعد 10 پوائنٹس ہوں گے اور پاکستان چھ میچ جیتنے کے بعد 12 پوائنٹس حاصل کر پائے گا۔
صورتیں مزید بھی ہیں لیکن پیچیدگیوں کے باعث ان پر انحصار کرنا اور قیاس آرائی کرنا غیر مناسب عمل ظاہر ہوتا ہے۔
پاکستان اپنے گروپ مرحلے کے اختتام پر زیادہ سے زیادہ 12 پوائنٹس تک پہنچ سکتا ہے۔ تاہم، 2019 کے ورلڈ کپ میں جو کچھ ہوا اسے دیکھتے ہوئے، کسی ٹیم کو سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے 12 پوائنٹس کافی ہو سکتے ہیں۔ پاکستان یہاں سے کوئی غلطی نہیں کر سکتا۔