مملکت میں جزوی چاند گرہن کب ہوگا ؟
جمعرات 26 اکتوبر 2023 19:46
چاند گرہن کا آغاز مقامی وقت کے مطابق رات 10 بجکر 35 منٹ پر ہوگا۔(فوٹو، ایکس اکاونٹ)
سعودی ماہر فلکیات ملھم ھندی نے جو خلائی اور فلکیاتی علوم کی عرب تنظیم کے رکن بھی ہیں کہا ہے کہ سنیچر 28 اکتوبر کو سعودی عرب میں جزوی چاند گرہن ہوگا۔
العربیہ نیٹ سے گفتگو میں ملھم ھندی نے کہا کہ 28 اکتوبر کو چاند، زمین اور سورج ایک خط پر ہوں گے۔
ملھم ھندی نے کہا کہ چاند گرہن کا آغاز سعودی عرب کے مقامی وقت کے مطابق رات 10 بجکر 35 منٹ پر ہوگا۔
ملھم کا کہنا ہے کہ چاند گرہن 11 بجکر 14 منٹ پر نقطہ عروج کو پہنچ جائے گا۔ چاند گرہن صرف 6 فیصد ہوگا اس کے بعد زمین کا سایہ چاند کی سطح سے ہٹنا شروع ہوگا اور 11 بجکر 52 منٹ پر چاند گرہن ختم ہوجائے گا۔
ملھم ھندی نے توجہ دلائی کہ چاند گرہن کا یہ منظر تمام عرب ممالک کے علاوہ ایشیا، افریقہ اور یورپ سمیت تمام براعظموں کے ممالک میں دیکھا جاسکے گا۔