Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فن لینڈ کے وزیر ریاض اور ہیلسنکی کے درمیان براہ راست پروازوں کے خواہاں

سعودی عرب اور فن لینڈ کے درمیان موجودہ تجارتی حجم 300 ملین ڈالر ہے (فوٹو: عرب نیوز)
فن لینڈ  کے وزیر برائے فارن ٹریڈ  کے مطابق  فن لینڈ سعودی عرب کے ساتھ اپنے اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے سرگرم ہے اوراس کا ہدف اگلے چار برسوں میں موجودہ تجارتی حجم کو دگنا کرنا ہے۔
فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو کے دوران عرب نیوز کے ساتھ ایک انٹرویو میں فن لینڈ کے وزیر برائے فارن ٹریڈ اینڈ ڈویلپمنٹ وِلے تاویو نے کہا کہ ’ہم  مزید اپنی کمپنیوں کو یہاں لانا چاہتے ہیں۔ ہمارے یہاں پہلے سے ہی کچھ کمپنیاں موجود ہیں اور ہم تعاون کو مزید وسیع کرنا چاہتے ہیں‘۔
انہوں نے ریاض اور ہیلسنکی کے درمیان براہ راست پرواز کے روٹ کے قیام پر بھی زور دیا جس سے دونوں ممالک میں سیاحتی شعبوں کو باہمی طور پر فائدہ پہنچانے کی صلاحیت کو اجاگر کیا گیا۔
سعودی عرب اور فن لینڈ کے درمیان موجودہ تجارتی حجم 300 ملین ڈالر ہے،جس میں ٹیلی کمیونیکیشن سیکٹر کی نمایاں شراکت ہے۔
نوکیا سمیت فن لینڈ کی کمپنیاں سعودی عرب کے نئے ضوابط کی تعمیل میں اپنے علاقائی ہیڈ کوارٹر کو ریاض منتقل کر رہی ہیں۔
فن لینڈ اور سعودی عرب کے درمیان تجارتی شراکت داری کی بنیاد فن لینڈ کے وزیر نے اپنے دورہ ریاض کے دوران رکھی جب انہوں نے اپنے سعودی ہم منصب کے ساتھ مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے۔
مفاہمت نامے کے تحت دونوں ممالک نے مختلف ڈومینز، بشمول انٹرنیٹ آف تھنگز، کلاؤڈ کمپیوٹنگ اور وائرلیس نیٹ ورک ٹیکنالوجیز میں اپنے تعاون کو بڑھانے کا عہد کیا ہے۔
اس شراکت داری کا مقصد حکومتوں کے ڈیجیٹل تبدیلی کے انیشیٹوز کو آگے بڑھانے کے لیے ضروری صلاحیتوں سے آراستہ کرنا ہے۔
فن لینڈ کے وزیر وِلے تاویو نے اس معاہدے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ ایم او یو ڈیجیٹلائزیشن اور ٹیلی کمیونیکیشن میں تجارت کو مزید بہتر بنانے کے لیے تھا‘۔
انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے میں ڈیجیٹلائزیشن کے اہم کردار پر اپنے یقین پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ ’ میرے خیال میں اس وقت ہم سعودی حکومت کے ساتھ بالکل اسی طرح کام کر رہے ہیں۔ لہذا، ہم شعبوں کے کلسٹر بنا رہے ہیں اور پھر ہم کمپنیوں کو جوڑ رہے ہیں اور کمپنیوں کو حکومتوں سے بھی جوڑ رہے ہیں‘۔

شیئر: