برطانوی ای سپورٹس کمپنیوں کے وفد کا دورہ ریاض، سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ
سعودی وزارت سرمایہ کاری نے برطانوی وفد کی میزبانی کی ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارت سرمایہ کاری نے ریاض میں 20 بڑی برطانوی ای سپورٹس کمپنیوں کے ایک وفد کی میزبانی کی ہے۔
وفد کے ارکان نے وزارت سپورٹس، سعودی سپورٹس فیڈریشن، وزارت مواصلات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے نمائندوں سے بات چیت کی۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق اس میٹنگ کا مقصد ا ی سپورٹس انڈسٹری میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنا اور مملکت میں کاروبار اور سرمایہ کاری کی تازہ ترین پیشرفت سے باخبر رہنا تھا۔
عرب نیوز کے مطابق برطانوی کمپنیوں اور متعلقہ سرکاری اور نجی اداروں کے ساتھ ایک ورکشاپ بھی منعقد کی گئی جس کے دوران مندوبین نے ابھرتے ہوئے ای سپورٹس سیکٹرز کے لیے سعودی عرب میں دستیاب سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا۔
ورکشاپ نے ملک میں کاروباری ماحول کو فروغ دینے پر بھی توجہ دی۔
وزارت نے سپورٹس اور سعودی ای سپورٹس فیڈریشن کے ساتھ شراکت میں سپورٹس کے وسیع شعبے سے متعلق منصوبوں اور حکمت عملیوں کا ایک سلسلہ پیش کیا، خاص طور پر ای سپورٹس ڈومین پر زور دیا گیا۔
ورکشاپ نے دیگر اداروں کے ساتھ مل کر سرمایہ کاری کے ممکنہ مواقع تلاش کرتے ہوئے گیمنگ اور ای سپورٹس کے مختلف منصوبوں اور انیشیٹوز پر روشنی ڈالی۔
ورکشاپ کا بنیادی مقصد ایسی پارٹنرشپس کو راغب کرنا تھا جو مملکت میں سپورٹس کے شعبے کو مزید تقویت دے سکیں۔