دبئی میں ون ویلنگ پر نوجوان گرفتار، موٹر سائیکل ضبط
ہفتہ 28 اکتوبر 2023 20:18
موٹر سائیکل واپس لینے کےلیے پچاس ہزار درہم کا جرمانہ ادا کرنا ہوگا (فوٹو: امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات میں دبئی پولیس نے ون ویلنگ کرنے والے ایک نوجوان کو حراست میں لیا ہے جو 280 کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے موٹر سائیکل چلا رہا تھا۔
الامارات الیوم کے مطابق ون ویلنگ کی مشتمل ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کیے جانے کے بعد نوجوان کو گرفتار کرکے موٹر سائیکل قبضے میں لی گئی۔
نوجوان نے تیز رفتاری سے موٹر سائیکل چلا کر نہ صرف اپنی بلکہ راہگیروں کی زندگی کو بھی خطرے میں ڈال دیا تھا۔
دبئی محکمہ ٹریفک کے ڈائریکٹر میجر جنرل سیف المزروعی نے بتایا’ ٹریفک فورس نے نوجوان کے خلاف قانونی کارروائی کی ہے‘۔
’ٹریفک قانون کے مطابق موٹر سائیکل واپس لینے کےلیے پچاس ہزار درہم کا جرمانہ ادا کرنا ہوگا‘۔
محکمہ ٹریفک کے ڈائریکٹر نے خبردار کیا ہے کہ ’تیز رفتاری سے ڈرائیونگ پر قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا کسی کو راہگیروں کی زندگی کو خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی‘۔
میجر جنرل سیف المزروعی نے بتایا’ تیز رفتاری سے موٹر سائیکل چلانے والے تقریبا 80 فیصد خطرناک ٹریفک حادثات کا شکار ہوچکے ہیں۔ حادثات میں ان کی موت واقع ہوگئی یا خطرناک طریقے سے زخمی ہوئے‘۔