Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ایجنسی کی یمن میں سمندری طوفان کے متاثرین کے لیے امداد

50 خیمے،200 شیلٹر بیگز کےعلاوہ 300  فوڈ باسکٹس تقسیم کی گئی ہیں ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے یمن میں طوفان تیج سے متاثرہ خاندانوں کو ہنگامی شیلٹرز اور خوراک فراہم کی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق اس آپریشن میں 50 خیمے اور 200 شیلٹر بیگز کےعلاوہ 300  فوڈ باسکٹ شامل تھیں۔
یہ آپریشن یمن کے حضرموت گورنریٹ کے الرائدہ اور القصیر ڈسٹرکٹ میں کیا گیا جس سے 300 خاندان یا تقریباً ایک ہزار 800 افراد مستفید ہوئے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے یمن کے مارب گورنریٹ کے الجوف، المدینہ اور الوادی ڈسٹرکٹ میں دو ہزار 238 کھجور کے کارٹن تقسیم کیے جس سے13 ہزار 428 افراد مستفید ہوئے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے شمالی لبنان میں پناہ گزین خاندانوں کے ساتھ ساتھ  میزبان کمیونٹی کے ضرورت مند ترین خاندانوں میں 16 ہزار 238 کھجور کے کارٹن تقسیم کیے جس سے 80 ہزار افراد مستفید ہوئے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات مئی 2015 میں قائم کیا گیا تھا۔ مرکز نے اب تک دنیا کے 92  ممالک میں مختلف قسم کے دو ہزار 402 امدادی منصوبے شروع کیے ہیں۔
یہ منصوبے 176 مقامی،علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے شروع کیے گئے ہیں۔ ان منصوبوں پر 6.2 بلین ڈالر کی رقم خرچ کی گئی ہے۔

شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات مئی 2015 میں قائم کیا گیا تھا(فوٹو: ایس پی اے)

شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی حالیہ رپورٹ کے مطابق جن ممالک نے اس مرکز کے منصوبوں سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھایا ان میں یمن شامل ہے جہاں 4.2 بلین ڈالرکے منصوبے شروع کیے گئے۔
اس کے علاوہ شام میں 372 ملین ڈالر، فلسطین میں 370 ملین ڈالر اور صومالیہ میں 256  ملین ڈالر کے منصوبے شامل ہیں۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے عالمی ادارہ خوراک پروگرام، بچوں کے لیے اقوام متحدہ کے ایمرجنسی فنڈ اور ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی سمیت انسانی حقوق کی تنظیموں کے ساتھ شراکت بھی کی ہے۔

شیئر: