Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسلسل 11 فلاپ فلمیں، کنگنا رناوت سکون کی تلاش میں

فلم ’تیجس‘ کنگنا رناوت کی آٹھ برسوں میں 11 ویں فلاپ فلم ہے (فائل فوٹو: آئی ایم ڈی بی)
انڈین اداکارہ کنگنا رناوت باکس آفس پر مسلسل 11 فلمیں فلاپ دینے کے بعد ’سکون کی تلاش‘ میں مندر پہنچ گئیں۔
’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق جمعرات کو انڈین اداکارہ نے ایکس (ٹوئٹر) پر اپنی مندر میں بنائی گئی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’کچھ دنوں سے میرا دل بہت گھبرا رہا ہے۔‘
حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ’تیجس‘ اداکارہ کنگنا رناوت کی آٹھ  برسوں میں 11 ویں فلاپ فلم ہے۔
کنگنا رناوت کی باکس آفس پر ہِٹ ہونے والی آخری فلم ’تنو ویڈز منو‘ تھی جو سنہ 2015 میں ریلیز ہوئی تھی۔
فلم ’تنو ویڈز منو‘ کے بعد کنگنا رناوت کی فلاپ ہونے والی فلموں میں ’آئی لو نیو یارک‘، ’کٹی بٹی‘، ’رنگون‘، ’سمرن‘ اور ’مانیکارنیکا‘ شامل ہیں۔
اس کے علاوہ ان کی فلمیں ’دی کوئین آف جھانسی‘، ’ججمینٹل ہے کیا‘، ’پنگا‘،’تھیلاوی‘، ’دھاکڑ‘ اور ’چندرمکھی‘ بھی فلاپ ہوئی تھیں۔
تاہم اب ’تیجس‘ کی باکس آفس پر ناکامی کے بعد اداکارہ کا کہنا ہے کہ ’وہ سکون کی تلاش میں اپنا کچھ وقت مندر میں گزاریں گی۔‘
چند روز قبل کنگنا رناوت نے فلم ’تیجس‘ کے ریلیز ہونے پر انہیں تنقید کا نشانہ بنانے والوں کو بد دعائیں بھی دی تھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’جو لوگ میری اداکاری کو بُرا کہہ رہے ہیں وہ زندگی بھر پریشان رہیں گے۔ کیوںکہ وہ اپنی باقی کی زندگی مجھے ہر روز شہرت کی بلندیوں پر جاتا دیکھیں گے۔
اداکارہ نے یہ بھی کہا تھا کہ ’میں نے 15 برس کی عمر میں گھر چھوڑا اور اس وقت سے اب تک میں اپنی قسمت خود بنا رہی ہوں۔
’جو لوگ مجھ پر تنقید کر رہے ہیں میں ان سے درخواست کرتی ہوں کہ وہ میرے فین کلب میں شامل ہو جائیں۔‘
کنگنا رناوت نے کہا کہ ’میں اپنے مداحوں سے کہتی ہوں کہ وہ مجھ پر تنقید کرنے والوں کے ساتھ اچھا برتاؤ رکھیں۔‘

شیئر: