ہاں میں بہت بدتمیز، تھوڑی بِگڑی ہوئی اور ضدی ہوں: کنگنا رناوت
فلم ساز ہنسل مہتہ نے کہا کہ ’انڈیا میں شاید کنگنا جیسی کم ہی اداکارائیں آئی ہوں‘ (فائل فوٹو: انڈیا ٹی وی)
بالی وڈ کی سپرسٹار کنگنا رناوت نے ساتھی اداکاروں، جن میں فلم ساز ہنسل مہتہ اور اداکار ذیشان ایوب شامل ہیں، کی جانب سے انہیں بیک وقت بدتمیز اور ٹیلنٹڈ کہنے کو تسلیم کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ’سب سے عظیم ہیں۔‘
انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق کنگنا رناوت نے خود کو بیٹ مین سے تشبیہہ دی ہے۔
اداکارہ نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ ’اس بات پر دائیں اور بائیں (خیالات رکھنے والوں) سمیت سب اتفاق کرتے ہیں کہ ایک تو میں بہت بدتمیز ہوں۔ دوسرا یہ کہ میں بہت تشدد پسند اور انتہا پسند بھی ہوں، مجھے تشدد پسند ہے اور تشدد بھی مجھے پسند کرتا ہے۔‘
’تیسری بات یہ کہ ’میں تھوڑی بگڑی ہوئی اور بہت ضدی ہوں۔ چوتھا یہ کہ ’میں خوفناک حد تک ٹیلنٹڈ ہوں۔ مطلب سب سے عظیم۔ اس کو کہتے ہیں بیٹ مین، وہی ہوں میں۔‘
کنگنا نے ہنسل اور ذیشان کے انٹرویوز کے کلپس بھی شیئر کیے جن میں وہ ان کے حوالے سے بات کر رہے تھے۔
فلم ساز ہنسل مہتہ جن کا اپنی فلم ’سمرن‘ کے دوران کنگنا رناوت سے جھگڑا ہوا تھا، نیوز چینل ’آج تک‘ کو بتایا کہ ’انڈیا میں شاید کنگنا جیسی کم ہی اداکارائیں آئی ہوں۔ انہوں نے جو ماضی میں کام کیا ہے وہ بہت اچھا ہے۔ سمرن بھلے وہ فلم تھوڑی کمزور تھی، لیکن اس میں آپ کنگنا کی پرفارمنس میں کوئی غلطی نہیں نکال سکتے۔‘
ایک اور انٹرویو میں اداکار ذیشان ایوب نے کہا کہ ’ایک وقت تھا جب کنگنا بطور اداکارہ شاندار تھیں، جب انہوں نے کوئین اور تنو ویڈز منو ریٹرنز کیں۔‘
فلم ساز انوراگ کشیپ نے بھی کنگنا رناوت کی تعریف کرتے ہوئے انہیں بہترین اداکاروں میں سے ایک قرار دیا۔