’غزہ میں گنجان آبادی والے مقامات پر بار بار حملے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی‘
سعودی مندوب نے جنیوا میں انسانی حقوق سے متعلق اجلاس میں شرکت کی ہے (فوٹو: ایکس اکاونٹ)
سعودی عرب نے کہا ہے کہ’ اسرائیل غزہ میں گنجان آبادی والے مقامات پر بار بار حملے کرکے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کا مرتکب ہورہا ہے‘۔
عکاظ اخبار کے مطابق جنیوا میں بین الاقوامی تنظیموں اور اقوام متحدہ میں سعودی عرب کے سفارتی مشن کے ماتحت انسانی حقوق کے شعبے کی سربراہ آسیا باعکضۃ نے جنیوا میں انسانی حقوق کے ماہرین کے خصوصی اجلاس میں شرکت کی ہے۔
آسیا باعکضۃ نے کہا کہ ’سعودی عرب جنگ بندی یرغمالیوں کی رہائی، خونریزی روکنے، انسانی امداد کی فراہمی اور بین الاقوامی قوانین و معاہدوں کی پابندی کو ضروری سمجھتا ہے‘۔
انہوں نے کہا ’دہرے معیار کی پالیسی، بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قرارداددوں کی پابندی کے حوالے سے امتیازی پالیسی کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔ اس کا نقصان موجودہ بحران سے آگے جائے گا۔ اس سے بین الاقوامی قانون کے ضوابط کی بنیاد متاثر ہوگی‘۔
سعودی عہدیدار نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی قرارداد کے مطابق انسانی سمجھوتے اور فوری جنگ بندی پر قابض حکومت کو آمادہ کرنے کے سلسلے میں بین الاقوامی برادری کی کوتاہی کا منفی اثرعالمی امن و سلامتی کے تحفظ پر پڑے گا‘۔
انہوں نے کہا ’ فلسطین، اسرائیل کشیدگی کے اسباب کو نظر انداز کرنے سے مسئلے کا مبنی برانصاف حل نہیں نکلے گا اور نہ ایسا کرنے سے خطے میں امن قائم ہوگا۔ صورتحال کا تقاضا ہے کہ عالمی برادری معتبر امن عمل کے احیا کی کوششوں کے حوالے سے ٹھوس اقدام کرے۔