مسجد الحرام میں بارش کے دوران ممکنہ خطرات سے نمٹنے کےلیے انتظامات
کسی شخص کو راہداری میں بیٹھنے یا کھڑے ہونے کی اجازت نہیں ہے(فوٹو: آفیشل ایکس اکاونٹ)
سعودی عرب میں حرمین شریفین کی دیکھ بھال پر مامور ادارے کے سیکریٹری برائے امن و سلامتی فایز الحارثی نے کہا ہے کہ’ بارش کے دوران ممکنہ خطرات سے مقررہ طریقہ کار کے مطابق نمٹا جارہا ہے‘۔
الاخباریہ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے فایز الحارثی نے کہا’ بارش کے دوران سلامتی کے وسائل فراہم کیے جارہے ہیں۔ پھسلن سے روکنے والے چپل، برساتی اور پانی کی نکاسی کےلیے آلات مہیا کیے گئے ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ ’زائرین کی سلامتی کے لیے بارش کے دوران کسی شخص کو راہداری میں بیٹھنے یا کھڑے ہونے کی اجازت نہیں دی جارہی‘۔
واضح رہے حرمین شریفین انتظامیہ نے مسجد الحرام کی خدمت پر مامور متعدد سرکاری اداروں کے تعاون سے مسجد الحرام میں بارش کے مسائل سے نمٹنے کے لیے ہنگامی سکیموں پر عمل درآمد شروع کررکھا ہے۔
حرمین شریفین انتظامیہ کی کوشش ہے کہ عبادت کے دوران زائرین کی سلامتی کو یقینی بنایا جائے۔
بارش کے دوران مطاف، نماز کے مقامات، داخلی راستوں پر فوری طور پر پانی کی نکاسی اور فرش خشک کیے جانے کو یقینی بنایا جارہا ہے۔