Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی بولرز کی کارکردگی پر سوشل میڈیا صارفین کی تنقید

شاہین شاہ آفریدی نے 10 اوورز میں بغیر کوئی وکٹ حاصل کیے 90 رنز دیے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا میں جاری ورلڈ کپ میں پاکستان کے خلاف نیوزی لینڈ نے رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا ہے اور گرین شرٹس کو سیمی فائنل میں پہنچنے کی امیدیں برقرار رکھنے کے لیے 402 رنز کا ہدف حاصل کرنا ہوگا۔
سنیچر کو بنگلورو میں نیوزی لینڈ کے بیٹرز نے پاکستانی بولرز کو وکٹ کے چاروں طرف چھکے اور چوکے لگائے۔
پاکستانی بولرز کی کارکردگی پر سوشل میڈیا پر صارفین کی ایک بڑی تعداد ٹیم پر تنقید کرتی ہوئی نظر آ رہی ہے۔
شاہین شاہ آفریدی نے 10 اوورز میں بغیر کوئی وکٹ حاصل کیے 90 رنز دیے اور ورلڈ کپ کی تاریخ میں پاکستان کی طرف سے ایک میچ میں سب سے زیادہ رنز دینے والے فاسٹ بولر بن گئے ہیں۔
اُن کے علاوہ حارث رؤف نے 10 اوورز میں ایک وکٹ حاصل کی اور 85 رنز دیے جبکہ انجری کے بعد واپس آنے والے حسن علی نے 10 اوورز میں ایک وکٹ حاصل کی اور 82 رنز دیے۔
کرکٹ پر گہری نظر رکھنے والے صارف جونز نے پاکستانی بولرز کی کارکردگی پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’2 بج کر 21 منٹ پر حارث رؤف ورلڈ کپ میں پاکستان کی تاریخ میں سب سے مہنگا سپیل کرنے والے بولر بن گئے تھے۔ 2 بج کر 38 منٹ پر شاہین آفریدی نے ورلڈ کپ میں پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ مہنگا سپیل کروایا۔‘
انہوں نے طنز کرتے ہوئے لکھا کہ ’پاکستانی بولرز کے درمیان یہ اچھا مقابلہ ہے۔‘
خیال رہے شاہین آفریدی آئی سی سی بولرز رینکنگ میں پہلے نمبر پر ہیں۔ ثاقب ورک نے ایک پوسٹ میں لکھا کہ ’ایسی عالمی رینکنگ کا کیا کرنا کہ بولر بھی آپ کا سامنا کرنے سے نہ ڈرے اور اوپر سے چھکا بھی ماردے۔‘
فرید خان نے پاکستانی بولرز پر طنز کرتے ہوئے لکھا کہ ’شاہین شاہ آفریدی نے حارث رؤف کا ریکارڈ توڑا ہے جو صرف دس منٹ پہلے ہی بنا تھا۔‘
سابق پاکستانی فاسٹ بولر تنویر احمد نے شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور حسن علی کی بولنگ کو ’تھرڈ کلاس‘ قرار دیا لیکن ساتھ ہی پاکستان کے چوتھے فاسٹ بولر وسیم جونیئر کی تعریف کرنا بھی نہیں بھولے۔
محمد وسیم جونیئر نے نیوزی لینڈ کے خلاف آج کے میچ میں 10 اوورز میں 60 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کی ہیں۔
اس سے قبل ورلڈ کپ کے کسی بھی میچ میں سب سے زیادہ رنز دینے کا ریکارڈ حسن علی نے 2019 میں انڈیا کے خلاف بنایا تھا۔ حسن علی نے مانچسٹر میں انڈیا کے خلاف ورلڈ کپ کے میچ میں 10 اوورز میں 84 رنز دیے تھے۔

شیئر: