کرکٹ ورلڈ کپ: پوائنٹس ٹیبل کی تازہ ترین صورت حال، کون سی ٹیم کہاں کھڑی ہے؟
کرکٹ ورلڈ کپ: پوائنٹس ٹیبل کی تازہ ترین صورت حال، کون سی ٹیم کہاں کھڑی ہے؟
جمعرات 2 نومبر 2023 19:49
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے میگا ایونٹ میں دو دو میچز باقی ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
کرکٹ ورلڈ کپ کے 33 ویں میچ میں سری لنکا کو ہرانے کے بعد انڈیا سات میچز کھیل کر 14 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پہلی پوزیشن پر آگیا ہے، جبکہ پاکستان سات میں سے تین میچ جیت کر 6 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔
انڈیا کے بعد جنوبی افریقہ نے چھ میچز جیتے ہیں اور وہ 12 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ آسٹریلیا نے چھ میں سے چار میچز میں کامیابی حاصل کی ہے اور وہ 8 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔
نیوزی لینڈ نے سات میں سے چار میچز جیتے اور وہ 8 پوائنٹس کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر ہے۔ پاکستان سات میں سے تین میچز میں فتح حاصل کر کے 6 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔
افغانستان نے چھ میں سے تین میچز جیتے ہیں اور وہ 6 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے۔ سری لنکا سات میں سے دو میچ جیت کر 4 پوائٹنس کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہے۔
نیدرلینڈز نے چھ میں سے دو میچز میں کامیابی حاصل کی ہے اور اس کا 4 پوائنٹس کے ساتھ آٹھواں نمبر ہے، جبکہ انگلینڈ اور بنگلہ دیش دو دو پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب نویں اور دسویں نمبر پر ہیں۔
پاکستان کے سیمی فائنل میں جانے کے کیا امکانات ہیں؟
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے میگا ایونٹ میں دو دو میچز باقی ہیں جبکہ دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف 4 نومبر کو بنگلورو میں میچ کھیلیں گی۔
پاکستان کو سیمی فائنل میں جانے کے لیے ہر صورت اپنے اگلے دونوں میچز جیتنا ہوں گے۔ پاکستانی مداحوں کو نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں سری لنکا کی فتح کے لیے دعا کرنا ہوگی۔
تاہم اگر نیوزی لینڈ اپنے باقی دو میچوں میں سے ایک میچ جیتتا ہے اور پاکستان دونوں میچز جیت جاتا ہے تو دونوں ٹیموں کے درمیان سیمی فائنل میں جانے کا فیصلہ نیٹ رن ریٹ پر ہوگا۔
یہاں واضح رہے کہ پاکستان نے میگا ایونٹ کے گروپ مرحلے میں اپنا آخری میچ انگلینڈ کے خلاف 11 نومبر کو کولکتہ میں کھیلنا ہے۔
اسی طرح پاکستان کے سیمی فائنل میں جانے کا ایک اور راستہ یہ ہے کہ آسٹریلیا اپنے باقی تینوں میچز ہار جائے اور پاکستان اپنے باقی دونوں میچز میں ہر صورت کامیابی حاصل کرے۔
اگر آسٹریلیا اپنے باقی تین میچوں میں سے دو میچز ہار جاتا ہے اور ایک میچ میں فتح حاصل کرتا ہے اور پاکستان اپنے باقی دونوں میچز جیت لیتا ہے تو کینگروز اور گرین شرٹس کے درمیان سیمی فائنل میں جانے کا فیصلہ نیٹ رن ریٹ کی بنیاد ہر ہوگا۔
خیال رہے کہ آسٹریلیا نے اپنے آخری تین میچز بالترتیب انگلینڈ، افغانستان اور بنگلہ دیش کے خلاف کھیلنے ہیں۔