Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نیپال میں زلزلہ متاثرین کے لیے امدادی سرگرمیاں جاری

زلزلے میں 157 افراد ہلاک اور 256 زخمی ہووے،3891مکانات کو نقصان پہنچا۔ فوٹو اے ایف پی
نیپال کے شمال مغربی پہاڑی علاقے میں ہفتے کی صبح  آنے والے شدید زلزلے کی وجہ سے کئی دیہات میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
امریکہ کی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق  ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 5.6 ریکارڈ کی گئی جس میں 157 افراد ہلاک، سیکڑوں زخمی اور ہزاروں بے گھر ہو گئے۔​
  • تباہ شدہ علاقے میں دیہاتی منہدم مکانات کے ملبے سے اپنے پیاروں کی تلاش کے ساتھ ساتھ بچا ہوا سامان سمیٹنے کی کوشش کر رہے ہیں۔​
امریکی جیولوجیکل سروے کی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ شدید قسم کا زلزلہ زمین کی سطح سے11 میل (18 کلومیٹر) گہرائی میں آیا۔
نیپال کے نیشنل زلزلہ ریسرچ سنٹر نے تصدیق کی ہے کہ زلزلے کا مرکز دارالحکومت کھٹمنڈو سے تقریباً 400 کلومیٹر  شمال مشرق میں جاجر کوٹ کا علاقہ تھا۔
حکام  کی جانب سے دور دراز کے دیہات میں خوراک و دیگر امدادی سامان کے علاوہ خیمے اور ادویات پہنچانے کی کوششوں پر زور دیا جا رہا ہے۔

ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 5.6 ریکارڈ کی گئی۔ فوٹو عرب نیوز

زلزلے کے باعث پہاڑی علاقے میں لینڈ سلائیڈنگ سے سڑکیں بند ہوگئیں اور متاثرہ علاقے میں پیدل ہی پہنچا جا سکتا ہے تاہم فوج کی جانب سے سڑکیں کھولنے کی کوشش کی جا رہی ہیں۔
متاثرہ علاقے میں ریسکیو اور سرچ ٹیموں نے بتایا ہے کہ پیر کو  ان کے مشن کا پہلا حصہ مکمل ہو گیا ہے، جس میں زندہ بچنے والوں کو نکالنا، زخمیوں کو علاج کے لیے پہنچانا اور لاشوں کی تلاش شامل تھا۔
کھٹمنڈو کے سرکاری اہلکار ہریش چندر شرما نے  بتایا ہے کہ اب ہم اپنے مشن کے  دوسرے مرحلے پر کام کر رہے ہیں جس میں امدادی سامان کی تقسیم اور دیہاتیوں کی مدد کی جا رہی ہے۔

زلزلے سے پہاڑی علاقے میں لینڈ سلائیڈنگ سے سڑکیں بند ہوگئیں۔ فوٹو اے پی

ہریش چندر شرما نے بتایا کہ زلزلے سے ہونے والے نقصانات کے بارے میں مکمل تفصیلات جمع کی جا رہی ہیں۔
کھٹمنڈو میں نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق اب تک 157 افراد کی ہلاکتیں اور 256 افراد زخمی اور3891مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔

شیئر: