سعودی ایجنسی کے تحت چترال میں ایک ہزار 649 ونٹر بیگس تقسیم
شاہ سلمان مرکز کے تحت یمن میں بھی امدادی سرگرمیاں جاری ہیں ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے پاکستان کے سیلاب زدگان میں ایک ہزار 649 ونٹر بیگ تقسیم کیے ہیں۔
خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق مرکز نے خیبرپختونخوا کے دو علاقوں لوئر چترال اور کوہستان میں 11543 افراد کو سردی سے بچاؤ کا سامان فراہم کیا۔
شاہ سلمان مرکز کے ماتحت موبائل کلینکس نے یمن کی کمشنری الحدیدۃ کے الخوخہ ضلع میں 27 ستمبر سے 3 اکتوبر تک علاج معالجے کی سہولتیں فراہم کیں جن سے چارہزار سے زیادہ افراد کو فائدہ پہنچا۔
شاہ سلمان مرکز نے صعدۃ کمشنری کے رازح ضلع میں الازھور کیمپ، حجہ کمشنری میں میدی، حرض، حیران اورعبس اضلاع میں ماحولیاتی صحت اور آبی امداد کا منصوبہ نافذ کیا ہے۔
شاہ سلمان مرکز نے 27 ستمبر سے 3 اکتوبر تک حجہ کمشنری میں 7 لاکھ 7 ہزار لٹر پینے کا پانی، 80 لاکھ 26 ہزار لٹر قابل استعمال پانی فراہم کیا جبکہ اندرون ملک نقل مکانی کرنے والوں کے کیمپوں سے بڑی تعداد میں کچرا صاف کرایا گیا۔
دوسری جانب صعدۃ کمشنری میں ستر ہزار لٹر پینے کا پانی اور ستر ہزار لٹر قابل استعمال پانی فراہم کیا گیا جس سے 30 ہزار سے زیادہ افراد کو فائدہ ہوا۔