’سوڈانی فریقوں کا جنگ بندی پر رضامند نہ ہونا افسوسناک‘
سعودی عرب، امریکہ اور ’الایجاد‘ نے بیان جاری کیا ہے (فوٹو: اخبار24)
سوڈان کے متحارب فریقوں کے درمیان ’جدہ 2‘ مذاکرات کے سہولت کاروں نے کہا ہے کہ’ پہلے دور میں فریقین کا جنگ بندی پر رضامند نہ ہونا افسوسناک ہے‘۔
اخبار 24 کے مطابق سعودی عرب، امریکہ اور سرکاری ترقیاتی ادارہ ’الایجاد‘ نے ایک بیان جاری کیا ہے۔
بیان میں متحارب فریقوں سے کہا گیا کہ ’وہ سوڈانی عوام کے مفادات کو سب سے اوپر رکھیں۔ ہتھیار پھینکیں اور بحران ختم کرانے کے لیے مذاکرات میں بھرپور حصہ لیں‘۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ ’سہولت کاروں کی ثالثی سے سوڈان کے متحارب فریق انسانی ضروریات کی فراہمی بڑھانے میں آسانی پیدا کرنے اور اعتماد کا رشتہ بحال کرنے والے اقدامات پرتیار ہوئے ہیں‘۔
’ مذاکرات میں فریقین انسانی امداد پہنچانے میں آسانی پیدا کرنے، جنگ بندی جیسے موضوعات پر زیادہ زور دیں گے‘۔
علا وہ ازیں متحارب فریقوں نے اعلامیہ جاری کرکے کہا کہ ’وہ سوڈان میں شہریوں کے تحفظ کے حوالے سے گیارہ مئی 2023 کو جاری اعلان جدہ کے تناظر میں مشترکہ انسانی طریقہ کار اپنائیں گے۔ یہ کام اقوام متحدہ کے رابطہ دفتر کی سربراہی میں کیا جائے گا‘۔
امدادی سامان کی ترسیل میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں گی۔ اعتماد سازی کےلیے اقدامات کیے جائیں گے۔ جیلوں سے مفرور افراد کو حراست میں لیا جائے گا۔ فریقین میڈیا میں سخت بیانات سے اجتناب کریں گے۔ کشیدگی بڑھانے والے فریقوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔