جدہ میں سوڈان کے متحارب فریقین کے درمیان دوبارہ مذاکرات کا آغاز
اتوار 29 اکتوبر 2023 18:05
متحارب فریقوں کے درمیان تین نکاتی ایجنڈے پر مذاکرات ہو رہے ہیں (فوٹو: روئٹرز)
سعودی عرب، امریکہ سرکاری ترقیاتی اتھارٹی ’ایفاذ‘ اور افریقی یونین کے نمائندوں نے اعلان کیا ہے کہ ’جدہ میں سوڈانی فوج اور ریپڈ سپورٹ فورس کے درمیان مذاکرات کا آغاز ہوا ہے‘۔
عکاظ اخبار کے مطابق اتوار کوجاری اعلامیہ میں بتایا گیا کہ’ سوڈان کے متحارب فریقوں کے درمیان تین نکاتی ایجنڈے پر مذاکرات ہو رہے ہیں‘۔
انسانی امداد کی فراہمی میں سہولت، جنگ بندی اور اعتماد کی بحالی کےلیے اقدامات اور مستقل بنیادوں پرحملے بند کیے جانے تک رسائی کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔
فریقین کا کہنا ہے’ سوڈان کے متحارب فریق سیاسی نوعیت کے مسائل پر مذاکرات نہیں کریں گے۔ یہ بات فریقین کے درمیان طے پا گئی ہے‘۔
یہ بھی طے پایا ہے کہ سوڈان کے متحارب فریقوں کے درمیان سہولت کار مذاکرات کے دوران زیر بحث آنے والے امور کے بارے میں میڈیا کو بریفنگ دیں گے۔
یاد رہے کہ سعودی عرب نے جدہ میں سوڈان کے متحارب فریقوں کے درمیان مذاکرات کی بحالی کا خیرمقدم کرتے ہوئے جنگ بندی کی اپیل کی تھی۔
سعودی عرب نے سوڈانی فوج اور ریپڈ سپورٹ فورس سے کہا تھا کہ وہ ’گیارہ مئی 2023 کو جدہ میں طے پانے والے معاہدے کے اس نکتےسے مذاکرات شروع کریں جہاں تک فریقین معاملات طے کرچکے تھے‘۔
علاوہ ازیں سوڈان میں عبوری کونسل کے نائب صدر مالک عقار نے کہا ہے کہ ’حکومت نے جنگ بند کرانے کے لیے چار مرحلوں پر مشتمل روڈ میپ پیش کیا ہے‘۔
یاد رہے سوڈانی فریقوں کے درمیان جون 2023 میں مذاکرات اس وقت معطل ہوگئے تھے جب سوڈانی فوج کا وفد مذاکرات چھوڑ کر چلا گیا تھا۔