شہزادہ فیصل بن فرحان سے سوڈانی جنرل عبدالفتاح البرھان کی ملاقات
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 78 ویں اجلاس کے موقع پر ہوئی(فوٹو، ایس پی اے)
سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے سوڈان کی عبوری کونسل کے چیئرمین جنرل عبدالفتاح البرھان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 78 ویں اجلاس کے موقع پرملاقات کی ۔
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق اس موقع پرجمہوریہ سوڈان کی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ سوڈان میں انسانی ہمدردی کے کاموں کی بحالی ، شہریوں کو امداد فراہم کرنے والے کارکنوں کے تحفظ کے علاوہ دیگر اہم معاملات زیر بحث آئے۔
سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے سوڈانی جنرل عبدالفتاح البرھان سے ملاقات میں مملکت کی جانب سے پرامن رہنے اورسیاسی مذاکرات میں شامل ہونے کی پیش کشکش بھی دہرائی جس کا مقصد سوڈان میں متحارب گروپوں کو مذاکرات اورمسئلے کے سیاسی حل پرراضی کرنا ہے۔
اس موقع پرسعودی وزیرخارجہ کے دفتری امور کے ڈائریکٹر عبدالرحمان الداود بھی موجود تھے۔