سوڈان میں امدادی سامان کی ترسیل میں سہولت فراہم کرنے کا خیر مقدم
سوڈان کے متحارب فریق امن و امان قائم کرنے کے لیے اقدامات کریں (فوٹو: ایس پی اے)
عرب ہلال احمر اور ریڈ کراس آرگنائزیشن کے جنرل سیکریٹریٹ ’آرکو‘ نے سوڈانی عوام کے لیے بنیادی انسانی ضروریات کا سامان پہنچانے میں سہولت فراہم کرنے کے حوالے سے جدہ مذاکرات ٹو کے اعلامیے کا خیر مقدم کیا ہے۔
خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق آرکو نے بیان میں کہا کہ ’جدہ مذاکرات میں فریقین کی جانب سے امدادی سامان کی ترسیل میں سہولت فراہم کرنے کے عہد کا خیر مقدم کرتے ہیں‘۔
سوڈانی مسلح افواج اور نیم سرکاری افواج نے جدہ مذاکرات ٹو کے اختتام پر جاری اعلامیے میں عہد کیا کہ’ وہ بنیادی انسانی ضروریات پوری کرنے والے سامان کی ترسیل بڑھانے میں سہولت فراہم کریں گے‘۔
’ اعتماد بحال کرنے والے اقدامات کیے جائیں گے۔ جیلوں سے مفرور افراد کو حراست میں لیا جائے گا اور کشیدگی پر آمادہ کرنے والے فریقوں کے خلاف ضروری کارروائی کی جائے گی‘۔
ہلال احمر اور ریڈ کراس کی عرب تنظیم کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر صالح التویجری نے کہا’ فریقین کے یہ عہد و پیمان سوڈان میں استحکام کی طرف اہم قدم ہیں‘۔
ڈاکٹر صالح التویجری نے کہا کہ’ سعودی دفتر خارجہ کا بیان سوڈان میں قیام امن، اتحاد و اتفاق ، خونریزی روکنے کے لیے مسلح تنازع رکوانے ، سوڈانی عوام کے مصائب دور کرنے اور متاثرین کے دکھ درد میں کمی لانے کے حوالے سے سعودی حکومت کے عزائم کا عکاس ہے‘۔
انہوں نے سوڈان کے متحارب فریقوں پرزور دیا کہ وہ امن و امان قائم کرنے کے لیے حکمت اور بصیرت سے کام لیں۔ ایسے اقدامات کریں جن سے کشیدگی کم کرنے میں مدد ملے اور سوڈان میں امن و امان بحال ہو۔