ورلڈ کپ میں سری لنکا کے خلاف ’باہر سے سازش‘ ہوئی: چیف سلیکٹر
جمعہ 10 نومبر 2023 14:56
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
پرامودیا وکرماسنگھے 1996 میں پاکستان میں ورلڈ جیتنے والی سری لنکن ٹیم کا حصہ تھے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
سری لنکن کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر پرامودیا وکرماسنگھے کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ میں اُن کی ٹیم کی خراب کارکردگی ’باہر سے کی گئی سازش‘ کا نتیجہ ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق جمعے کو ایئرپورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پرامودیا وکرماسنگھے کا کہنا تھا کہ ’مجھے دو دن دیں اور میں اس بارے میں سب کچھ بتا دوں گا۔ یہ (ورلڈ کپ میں خراب کارکردگی) باہر سے کی گئی ایک سازش کا نتیجہ ہے۔‘
خیال رہے سری لنکا کی کرکٹ ٹیم جمعرات کو نیوزی لینڈ سے ہاری تھی اور جمعے کو صبح واپس اپنے ملک روانہ ہوگئی ہے۔
سری لنکن ٹیم نے ورلڈ کپ میں نو میچز کھیلے جس میں سے وہ صرف دو میچ جیت سکی جس کے بعد ٹیم کے لیے چیمپیئنز ٹرافی کے دورازے بھی بند ہوگئے ہیں۔
ورلڈ کپ میں ٹیم کی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے پرامودیا وکرماسنگھے کا کہنا تھا کہ ’یہ انتہائی دُکھ کی بات ہے اور میں اس کی پوری ذمہ داری لیتا ہوں۔‘
پرامودیا وکرماسنگھے جو اب چیف سلیکٹر کے عہدے پر تعینات ہیں 1996 میں پاکستان میں ورلڈ جیتنے والی سری لنکن ٹیم کا حصہ تھے۔
ورلڈ کپ میں سری لنکا کی خراب کارکردگی کے بعد ملک کے وزیرِ کھیل نے کرکٹ بورڈ کے تمام حکام کو برطرف بھی کردیا تھا لیکن بعد میں سری لنکا کے ایک کورٹ نے اس فیصلہ کو ختم کرکے کرکٹ بورڈ بحال کردیا تھا۔
جمعرات کو سری لنکا کی پارلیمنٹ میں بھی کرکٹ کی گونج اُس وقت سنائی دی جب حکومت اور اپوزیشن نے ایک قرارداد پیش کی جس میں سری لنکن کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ سے استعفے دینے کا مطالبہ کیا تھا۔