سیمی فائنل تک رسائی کیلئے پاکستان کو انگلینڈ کو کتنے بڑے مارجن سے شکست دینا ہوگی؟
جمعرات 9 نومبر 2023 17:53
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
پاکستان اور افغانستان کے اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر آٹھ، آٹھ پوائنٹس ہیں۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا میں جاری ورلڈ کپ کے انتہائی اہم میچ میں نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر پاکستانی ٹیم کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔
پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت نیوزی لینڈ کے 10 پوائنٹس ہیں اور اُن کا نیٹ رن ریٹ پاکستان اور افغانستان دونوں سے بہتر ہے۔
پاکستان اور افغانستان کے اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر آٹھ، آٹھ پوائنٹس ہیں۔
پاکستان ورلڈ کپ میں اپنا آخری لیگ میچ انگلینڈ کے خلاف کولکتہ کے ایڈن گارڈنز سٹیڈیم میں کھیلے گا۔
کرکٹ کی کوریج کرنے والی ویب سائٹ ’کرک اِنفو‘ کے مطابق گرین شرٹس کو نیوزی لینڈ کو پیچھے چھوڑنے اور سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے انگلینڈ کو تقریباً 287 رنز سے شکست دینا ہوگی۔
مثال کے طور پر اگر انگلینڈ کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو 150 رنز کا ہدف دیتی ہے تو گرین شرٹس کو یہ ہدف 3.4 اوورز میں حاصل کرنا ہوگا۔
اسی طرح اگر افغانستان کو سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنی ہے تو انہیں نیوزی لینڈ اور پاکستان کو پیچھے چھوڑنے کے لیے اپنے آخری لیگ میچ میں جنوبی افریقہ کو 438 رنز سے شکست دینا ہوگی۔