Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قذافی سٹیڈیم میں سری لنکا کا جھنڈا لہرانے والے ’انکل پرسی‘ کون تھے؟

انڈیا کے کپتان روہت شرما بھی سری لنکا میں پرسی ابیسیکارا کے گھر ان کی عیادت کرنے گئے تھے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
سری لنکن کرکٹ ٹیم کے سُپر فین کہلانے والے پرسی ابیسیکارا 87 برس کی عمر میں کولمبو کے ایک ہسپتال میں چل بسے۔
پرسی ابیسیکارا پچھلی پانچ دہائیوں میں سری لنکن کرکٹ ٹیم کو سپورٹ کرنے کے لیے تقریباً دنیا کے ہر گراؤنڈ میں نظر آتے رہے ہیں۔
دُنیا بھر میں ’انکل پرسی‘ کے نام سے مشہور پرسی ابیسیکارا دُنیا بھر کی توجہ کا مرکز اُس وقت بنے جب 1996 میں سری لنکا کی کرکٹ ٹیم نے ورلڈ کپ کا فائنل جیتا اور ’انکل پرسی‘ اپنے ملک کا جھنڈا پکڑے لاہور کے قذافی سٹیڈیم کے چکر لگاتے ہوئے نظر آئے۔
کرکٹ کی خبروں کی ویب سائٹ ’کرک انفو‘ کے مطابق ’انکل پرسی‘ انگریزی میں نعرے بازی اور سری لنکن اور دیگر ممالک کے کھلاڑیوں سے دلچسپ مکالموں کی وجہ سے مشہور تھے۔
سری لنکا کے کرکٹ گراؤنڈز کی جان سمجھے جانے والے ’انکل پرسی‘ اپنی ٹیم کا پیچھا کرتے ہوئے بیرونی ممالک دوروں پر بھی جایا کرتے تھے اور خصوصاً ٹیسٹ میچز دیکھنے کے شوقین تھا۔
’انکل پرسی‘ نہ صرف سری لنکن کرکٹرز کی آنکھ کا تارا تھے بلکہ غیر ملکی کھلاڑی بھی انہیں پسند کیا کرتے تھے۔ کرک انفو کے مطابق 1980 کی دہائی میں نیوزی لینڈ کے سابق کپتان مارٹن کرو نے ’انکل پرسی‘ کو اپنی ایک ’میچ آف دا میچ‘ ٹرافی بھی تحفے میں دی تھی۔
حال ہی میں ایشیا کپ کے دوران انڈیا کے کپتان روہت شرما بھی سری لنکا میں پرسی ابیسیکارا کے گھر ان کی عیادت کرنے گئے تھے۔
’انکل پرسی‘ کے بارے میں یہ بات بھی مشہور تھی کہ وہ غلطیاں کرنے پر گراؤنڈ میں کھیلنے والے سری لنکن کھلاڑیوں کو بھی آڑے ہاتھوں لے لیا کرتے تھے اور اُن کا یہی انداز گراؤنڈ میں بیٹھے شائقین کی تفریح کی وجہ بن جاتا تھا۔
ان کی موت پر افسردگی کا اظہار کرتے ہوئے سابق سری لنکن کپتان سنتھ جے سوریا نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا کہ ’آپ پہلے سُپر فین تھے اور ہم سب کے لیے ہمیشہ خاص رہیں گے۔‘
سری لنکا کے ایک اور سابق کپتان کمار سنگاکارا نے لکھا کہ اُن کے انٹرنیشنل کرکٹ میں ڈیبیو سے لے کر آخری میچ تک ’انکل پرسی‘ گراؤنڈ میں موجود رہے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ ’سری لنکا میں کرکٹ کے لیے انُ کی خدمات اُن کھلاڑیوں جتنی ہی تھیں جنہوں نے ٹیم نمائندگی کی ہے۔‘
سری لنکا کے لیجنڈ کھلاڑی مرلی دھرن بھی پرسی ابیسیکارا کی موت پر افسردہ نظر آئے۔
انہوں نے لکھا کہ ’ڈیئر انکل پرسی، اس کھیل کے لیے سب کچھ کرنے کا شکریہ، آپ کا کمی دنیا بھر کی کرکٹ برادری میں محسوس کی جائے گی۔‘

شیئر: