Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل 2024: کس پاکستانی کھلاڑی کی ترقی، کس کی تنزلی؟

پشاور زلمی نے اپنے وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث کو گولڈ سے ڈائمنڈ کیٹیگری میں ترقی دی ہے۔ (فوٹو: پی سی بی)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے اگلے برس ہونے والے ایڈیشن کے لیے پاکستانی کھلاڑیوں کی کیٹیگریوں کو رینیو کر دیا گیا ہے۔
پی ایس ایل کے مطابق لوکل پلیئر کیٹیگری میں 9 کھلاڑیوں کو اپ گریڈ کیا گیا ہے۔
پی ایس ایل کی فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے نسیم شاہ اور افتخار احمد کو ڈائمنڈ سے پلاٹینم کیٹیگری میں اپ گریڈ کیا ہے جبکہ سرفراز احمد کو گولڈ کیٹیگری سے ڈائمنڈ کیٹیگری میں اپ گریڈ کیا گیا ہے۔
پشاور زلمی نے اپنے وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث کو گولڈ سے ڈائمنڈ کیٹیگری میں ترقی دی ہے جبکہ ملتان سلطانز نے فاسٹ بولرز عباس آفریدی اور احسان اللہ کو ایمرجنگ کیٹیگری سے گولڈ میں ترقی دی ہے۔
دو مرتبہ کی چیمپئین فرنچائز اسلام آباد یونائیٹڈ نے اپنے کھلاڑیوں اعظم خان اور فہیم اشرف کو گولڈ سے ڈائمنڈ کیٹیگری میں ترقی دی ہے جبکہ ذیشان ضمیر کو ایمرجنگ سے سلور اور مبصر خان کو ایمرجنگ سے گولڈ میں رینیو کیا گیا ہے۔
کراچی کنگز نے اپنے بیٹر طیب طاہر کو سلور سے گولڈ جبکہ قاسم اکرم کو ایمرجنگ کیٹیگری سے گولڈ کیٹیگری کا حصہ بنایا ہے۔
اسی طرح دفاعی چیمپیئن ٹیم لاہور قلندرز نے کامران غلام اور زمان خان کو بالترتیب سلور اور ایمرجنگ کیٹیگری سے گولڈ کیٹیگری میں ترقی دی ہے۔
اسی طرح کچھ کھلاڑیوں کی رواں برس کے ڈرافٹ کے لیے تنزلی بھی ہوئی ہے۔
 
تنزلی کا شکار ہونے والے کھلاڑیوں میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے محمد نواز شامل ہیں جنہیں پلاٹینم سے ڈائمنڈ کیٹیگری میں جگہ دی گئی ہے جبکہ گلیڈی ایٹرز نے ہی محمد حسنین کو ڈائمنڈ سے گولڈ کیٹیگری میں بھیجا ہے۔
اسی طرح کراچی کنگز نے حیدر علی کو پلاٹینم سے گولڈ اور اسلام آباد یونائیٹڈ نے آصف علی کو پلاٹینم سے ڈائمنڈ کیٹیگری میں منتقل کیا ہے۔
پی ایس ایل کا نواں ایڈیشن ابھی تک کی اطلاعات کے مطابق اگلے برس 8 فروری سے 24 مارچ کے دوران کھیلا جائے گا۔

شیئر: