ایئر انڈیا کا ’اے آئی ایجنٹ‘ جو چار زبانوں میں مسافروں کے سوالات کے جوابات دیتا ہے
حکام کے مطابق ’مہاراجا ایجنٹ آسانی سے سوالات کو پہچان لیتا ہے‘ (فائل فوٹو: روئٹرز)
انڈیا کی ایئرلائن ’ایئر انڈیا‘ اے آئی (آرٹیفیشل انٹیلی جنس) ایجنٹ کی سروس فراہم کرنے والی دنیا کی پہلی ایئرلائن بن گئی ہے۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق ایئر انڈیا نے کامیابی سے ورچوئل اے آئی ایجنٹ نصب کر دیا ہے جس کا نام ’مہاراجہ‘ ہے۔
ٹاٹا سنز کی ملکیت میں کام کرنے والی ایئر انڈیا نے رواں برس مارچ میں اس اے آئی ایجنٹ کا تجربہ کیا تھا۔
یہ اے آئی ایجنٹ چار زبانوں میں ایک دن میں 6 ہزار سے زائد سوالات کے جوابات دے سکتا ہے۔
لانچ کے بعد ایئر انڈیا کے اس مہاراجا اے آئی ایجنٹ نے تقریباً پانچ لاکھ کے قریب سوالات کے جوابات دے دیے ہیں۔ یہ اے آئی ایجنٹ ازیور اوپن اے آئی سروس سے بنا ہوا ہے۔
یہ اے آئی ایجنٹ مسافروں کے 1300 سے زائد معاملات کے موضوعات پر جوابات دینے کی صلاحیت رکھتا ہے جس میں فلائٹ کے سٹیٹس، سامان کی حد، فلائٹ کے شیڈول میں تبدیلی، ریفنڈ، چیک ان وغیرہ جیسے کئی اہم موضوعات شامل ہیں۔
ایئر انڈیا کا مہاراجا ایجنٹ اس وقت چار زبانوں میں کام کر رہا ہے جس میں ہندی، انگریزی، فرانسیسی اور جرمن زبان شامل ہے۔
اس بارے میں کمپنی کے حکام کا کہنا ہے کہ ایک دن میں موصول ہونے والے 6 ہزار سوالات کے 80 فیصد جوابات یہ اے آئی ایجنٹ کچھ ہی سیکنڈز میں دے دیتا ہے جبکہ 15 فیصد سوالات کے لیے مزید اضافی رہنمائی حاصل کرنا پڑتی ہے۔
حکام کے مطابق یہ مہاراجا ایجنٹ آسانی سے سوالات کو پہچان لیتا ہے اور مزید تفصیلات کے لیے انہیں ایئرلائن کے نمائندوں کے پاس بھیج دیتا ہے۔