آئی فون کی بیٹری کو لمبے عرصے تک کیسے کارآمد رکھیں؟
آئی فون کی بیٹری کو لمبے عرصے تک کیسے کارآمد رکھیں؟
اتوار 12 نومبر 2023 5:21
بیٹری کی لائف بڑھانے کے لیے بیک گراؤنڈ ایپلی کیشن کو ڈی ایکٹیویٹ کر دیں (فوٹو: پیکسلز)
آئی فون کے صارفین کو اکثر اپنے فون کی بیٹری کے بارے میں شکایت کرتے ہوئے سنا جاتا ہے۔ ایپل کمپنی اپنے ہر نئے لانچ کیے جانے والے سیٹ پر خصوصی توجہ دیتی ہے تاکہ بیٹری کو لمبے عرصے تک کارآمد بنایا جا سکے۔
کمپنی کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کے باوجود بعض ایسی چیزیں ہیں جو موبائل سیٹ کی بیٹری کو جلدی ناکارہ بنا دیتی ہیں۔ اس حوالے سے عربی میگزین ’سیدتی‘ میں ان نکات کی نشاندہی کی گئی ہے جن پرعمل کرتے ہوئے آپ آئی فون کی بیٹری کو لمبے عرصے تک کارآمد رکھ سکتے ہیں۔
فنی امور کی ویب سائٹ کے مطابق آئی فون میں کچھ سیٹنگز ایسی ہیں جو بیٹری کی زندگی کو کم کردیتی ہیں اور صارف ان سے بے خبر ہی رہتا ہے۔ ان چیزوں کو ذیل میں مرحلہ وار بیان کیا جا رہا ہے۔
ایپلی کیشنز: فون کی رفتار کم ہونے کی عام طور پر وجہ بیٹری کی صلاحیت ہوتی ہے۔ بیٹری کی صلاحیت گیمنگ ایپلی کیشنز ختم کرتی ہیں، خاص کر وہ ایپلی کیشن جو نقشے کو بھی استعمل کرتی ہیں اس لیے ایسی ایپس کے استعمال کو محدود کردیا جائے۔
اس کے لیے آسان طریقہ یہ ہے کہ آپ سیٹنگز میں جائیں جہاں بیٹری کے آئی کان کو کلک کرکے یہ معلوم کرسکتے ہیں کہ کون سی ایپ بیٹری کو زیادہ استعمال کررہی ہے۔ اس طرح آپ اس ایپ کا تعین کرسکتے ہیں جو بیٹری کو زیادہ استعمال کرتی ہے۔
اگرآپ بیٹری کی کھپت کو کم کرنا چاہتے ہیں تو آپ اپنے موبائل کی سیٹنگز میں جائیں، جنرل آئی کان کو کلک کریں اوربیک گراؤنڈ ایپلی کیشن کو ڈی ایکٹیویٹ کر دیں۔ ان تمام ایپس کو کلوز کر دیں جن کی آپ کو ضرورت نہیں ہے۔
سکرین برائٹنس: ہمیشہ یاد رکھیں کہ کوئی بھی فون ہو اس کی سکرین جنتی زیادہ روشن ہوگی وہ اتنی ہی زیادہ بیٹری کا استعمال کرے گی، اس لیے بہتر ہے کہ سکرین کی روشنی کو کم رکھاجائے تاکہ بیٹری لمبے عرصے تک کارآمد رہے۔
بلوٹوتھ اورنوٹیفیکیشنز: اگرآپ بلوٹوتھ سے منسلک اپنی سمارٹ واچ استعمال کرتے ہیں تو یہ یقینی امر ہے کہ اس سے آپ کے فون کی بیٹری جلد ہی ختم ہوجاتی ہے۔ اس کے علاوہ وہ نوٹیفیکیشنز بھی بیٹری کی عمر کو کم کرتے ہیں۔
فلائٹ موڈ: اگرآپ اپنے فون کو کچھ عرصے کے لیے استعمال نہیں کررہے تو اسے ’فلائٹ موڈ ‘ پررکھ دیں جس سے تمام ایپلی کیشنز ڈی ایکیٹو ہوجائیں گی اور فون کی بیٹری بھی خرچ نہیں ہو گی۔
اس حوالے سے ایپلی ڈاٹ کام کی جانب سے چند اہم نکات پیش کیے گئے ہیں جو ذیل میں دیے جارہے ہیں جن سے فون کی بیٹری کی عمر میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔