Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فضائی آلودگی کے دوران کی جانے والی چند اہم احتیاطی تدابیر کون سی؟

فضائی آلودگی کے دوران جب بھی باہر جانا چاہیں تو ماسک کا ضرور استعمال کریں (فوٹو: اے ایف پی)
ہر برس موسم سرما کی آمد کے ساتھ فضائی آلودگی کی شرح میں بھی اضافہ ہو جاتا ہے۔
پاکستان کا شہر لاہور حالیہ دنوں میں بدترین فضائی آلودگی کی زد میں رہا جس کے بعد یہ شہر دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں شمار ہونے لگا۔
فضائی آلودگی سے عوام کو سانس کی بیماریوں سمیت آنکھوں اور جلد کی الرجی کے علاوہ شدید ذہنی کوفت کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔
فضائی آلودگی کے باعث انسانوں کے ساتھ حیوانوں اور ماحول پر بھی شدید منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق سموگ یا فضائی آلودگی کے دوران چند اہم احتیاطی تدابیریں کی جا سکتی ہیں جس سے ہم اس سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔
آئیے جانتے ہیں وہ احتیاطی تدابیریں کون سی ہیں۔
گھر کے اندر رہیں
آلودگی کے دوران باہر گھومنے سے اجتناب کریں اور خاص طور پر اگر آپ کسی سانس کی بیماری کا شکار ہیں تو جہاں تک ممکن ہو سکے گھر یا چار دیواری کے اندر رہیں۔
دروازے اور کھڑکیاں بند رکھیں
فضائی آلودگی کے دوران دروازوں اور کھڑکیوں کو بند رکھیں اور اگر گھر میں ایئر پیوریفائرز ہیں تو اُن کا باقاعدگی سے استعمال کریں۔
کھلے ماحول میں ورزش سے اجتناب کریں
سموگ کے دوران کھلے ماحول یا علاقے میں جاگنگ اور ورزش سے اجتناب کریں۔ اگر آپ نے ہر صورت ورزش کرنی ہے تو گھر کے اندر ہوادار جگہ پر کریں۔
ماسک کا استعمال کریں
فضائی آلودگی کے دوران جب بھی باہر جانا چاہیں تو ماسک کا ضرور استعمال کریں۔ سموگ کے دوران باہر جاتے وقت این 95 یا این 99 ماسک استعمال کریں تاکہ سانس لیتے وقت نقصان دہ مواد آسانی سے فلٹر ہو سکے۔
سفر کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ یا کار پول کو استعمال کریں
فضائی آلودگی کی ایک بڑی وجہ گاڑیوں سے نکلنے والا دھواں بھی ہے، اس لیے سموگ کے دوران اپنی فیملی اور دوستوں کے ساتھ پبلک ٹرانسپورٹ یا کار پول کا استعمال کریں۔ اس سے سڑکوں پر گاڑیوں کی تعداد میں کمی آئے گی جس سے فضائی آلودگی میں بھی کمی آئے گی۔
 

فضائی آلودگی کے باعث انسانوں کے ساتھ حیوانوں اور ماحول پر بھی شدید منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

درخت لگائیں
اپنے ماحول کو پاک اور صاف بنانے کے لیے درخت لگائیں یا ایسے اداروں کا ساتھ دیں جو درخت لگانے کے لیے سرگرم ہوں۔ درخت قدرتی طور پر فلٹر کا کام کرتے ہیں اور ان سے فضا صاف ہوتی ہے۔
ایئر پیوریفائرز کا استعمال کریں
اپنے گھر میں ایئر پیوریفائرز کا استعمال لازمی کریں۔ ایئر پیوریفائرز سے گھر کے اندر موجود آلودہ ذرے صاف ہوتے ہیں جس سے تمام گھر والوں کو صاف ہوا ملتی ہے۔
فضائی آلودگی کے بارے میں شعور پیدا کریں
فضائی آلودگی ہر ایک انسان کے لیے عذاب بن چکی ہے۔ بطور ذمہ دار شہری اپنے حلقہ احباب میں فضائی آلودگی کے بارے میں شعور پیدا کریں اور اسے انفرادی طور پر کم کرنی کی کوششیں کرنے کی ترغیب دیں۔
فضائی آلودگی کے بارے میں حکومت اقدامات کرے
فضائی آلودگی کو کم کرنے کے لیے حکومت کو حفاظتی اقدامات کرنے چاہیں جس میں سخت قانون سازی شامل ہو۔ حکومت گاڑیوں سے خارج ہونے والے دھویں کے بارے میں قانون سازی کرے جبکہ ری نیوایبل انرجی کو فروغ دے۔

شیئر: