Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نئی دہلی میں سموگ اور آلودگی کا توڑ کرنے کے لیے مصنوعی بارش برسانے کا منصوبہ

سموگ کے باعث نئی دہلی کے تمام سرکاری اور نجی سکولوں کو 9 سے 18 نومبر تک بند کردیا گیا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
نئی دہلی شہر جو دنیا کا آلودہ ترین دارالحکومت ہے اور ایک ہفتے سے سموگ کی لپیٹ میں ہے میں ہوا کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے پہلی بار مصنوعی بارش برسانے کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق شہر میں پہلے ہی تمام سکول بند کیے جا چکے ہیں، تعمیراتی سرگرمیاں روک دی گئی ہیں، اور حکام کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اب گاڑیوں کے استعمال پر بھی پابندیاں عائد کی جائیں گی۔
قانونی منظوری اور موسم کی صورت حال کو دیکھتے ہوئے مقامی وزیر ماحولیات کا کہنا ہے کہ ’حکام 20 نومبر کے قریب شہر میں مصنوعی بارش برسانے کی کوشش کریں گے، تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ یہ کیسے ہو گی۔‘
نئی دہلی میں ہر سال سردیوں کے دوران فضا میں آلودگی بڑھ جاتی ہے، اور اس کی بڑی وجوہات میں گاڑیوں اور صنعتوں سے نکلنے والا دُھواں، تعمیرات کی وجہ سے پیدا ہونے والی دُھول، اور جلایا گیا زرعی فضلہ شامل ہیں۔
مرکزی داالحکومت کے وزیرِ ماحولیات گوپال رائے نے رپورٹرز کو بتایا کہ ’اس بات کا امکان ہے کہ اگر موسم ایسا ہی رہا تو رواں ہفتے یا مستقبل میں کچھ عرصے تک آلودگی کی صورت حال اسی طرح برقرار رہے گی۔‘
انہوں نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ’ماہرین کی طرف سے تیار کی گئی بارش برسانے کی تجویز جمعہ کو سپریم کورٹ میں پیش کی جائے گا۔‘
نئی دہلی کے وزیرِ ماحولیات کا کہنا ہے کہ ’مجھے یقین ہے کہ موجودہ حالات میں اگر ہمیں سب فریقین کا تعاون حاصل ہو، تو ہم کم سے کم اسے تجرباتی بنیادوں پر تو کر سکتے ہیں۔‘

وزیرِ ماحولیات کے مطابق ’ماہرین کی طرف سے تیار کی گئی بارش برسانے کی تجویز جمعہ کو سپریم کورٹ میں پیش کی جائے گا‘ (فائل فوٹو: روئٹرز)

واضح رہے کہ اس سے قبل چین، انڈونیشیا اور ملائیشیا نے بادلوں پر کیمیکل کے چِھڑکاؤ کے ذریعے مصنوعی بارش برسانے کا طریقہ متعارف کروایا تھا۔
نئی دہلی کی مقامی حکومت نے تمام سرکاری اور نجی سکولوں کو جمعرات سے 18 نومبر تک موسم سرما کی تعطیلات کے لیے قبل از وقت بند کرنے کا نوٹی فیکیشن جاری کر دیا ہے، اگرچہ شیڈول کے مطابق یہ چُھٹیاں آئندہ سال جنوری میں ہونا تھیں۔
گذشتہ ہفتے شہر میں آلودگی کی مقدار میں اضافے پر سپریم کورٹ نے منگل کے روز نئی دہلی کے اِردگرد کی ریاستوں کو حکم دیا تھا کہ وہ کسانوں کو فصلوں کی باقیات جلانے سے روکیں۔

شیئر: