الخبر ۔۔۔ مملکت اور پڑوسی عرب ممالک کے تعلیمی اداروں میں موسم سرماکی تعطیلات کے موقع پر بڑی تعداد میں سعودی سیاحوں نے بحرین کا رخ کر لیا ۔ شاہ فہد پل پر سعودی اداروں کی جانب سے تمام گیٹ کھول دیئے گئے ہیں جن کی تعداد 32 ہے ۔ الریاض اخبار کے مطابق بحرین جانے کےلئے شاہ فہد پل پر گاڑیوں کی لمبی قطار لگی ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کو کئی گھنٹے انتظار کرنا پڑرہا ہے۔ بحرین اور سعودی عرب کو جوڑنے والے پل پرمجموعی طور پر 32 چیک پوائنٹ ہیں جن میں محکمہ امیگریشن اور کسٹم کے اہلکار متعین ہیں ۔ مملکت سے جانے والوں کےلئے 21 چوکیاں جبکہ آنے والوں کےلئے 11 پوائنٹس ہیں جو تمام کام کررہے ہیں ۔ چیک پوسٹ پرہونے والے ازدحام کے اوقات میں بحرین کی جانب سے سعودی سیاحوں کےلئے امیگریشن کے مراحل کو آسان بنا دیا گیا ہے تاکہ پل پر غیر معمولی ازدحام پر قابو پایاجاسکے ۔