غزہ کے لیے سعودی عرب سے امداد بھیجنے کا سلسلہ جاری، چھٹا طیارہ سامان لے کر پہنچ گیا
چھٹے امدادی طیارے سے بھی 35 ٹن سامان بھیجا گیا (فوٹو، ایس پی اے)
سعودی عرب سے چھٹا طیارہ غزہ کے لیے امدادی سامان لے کر منگل کو مصر کے العریش ایئرپورٹ پہنچ گیا۔ عریش سے یہ سامان ٹرکوں کے ذریعے غزہ منتقل کیا جائے گا۔
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق طیارے پر کھانے پینے کی اشیا اور عارضی پناہ گاہ کے درکار ضروری سامان لدا ہوا ہے۔
گزشتہ پانچ طیاروں کی طرح چھٹے طیارے سے بھی 35 ٹن سامان بھیجا گیا ہے۔
ہوائی جہاز کے ذریعے امدادی سامان کی ترسیل خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے غزہ میں فلسطینی بھائیوں کی مدد کے لیے عوامی عطیات مہم کا حصہ ہے۔
دوسری جانب شاہ سلمان مرکز نے مشرق قریب میں فلسطینی پناہ گزینوں کے روزگار اور مدد کے لیے قائم اقوام متحدہ کی ایجنسی اونروا کی درخواست پر پندرہ ملین ڈالر فلسطینیوں کے انسانی مسائل ہنگامی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے پیش کیے ہیں۔