مکہ مکرمہ۔۔۔۔10سالہ بنگلہ دیشی طالب علم ولید محمد خلیل الرحمن نے قرآن کریم کی آیات نمبر، سورت، پارے ، صفحے اور سطور کی تعداد تک حفظ کرکے فلاحی انجمن کے عہدیداروں ،اساتذہ اور حفظ قرآن سے دلچسپی رکھنے والے حلقوں کو حیرت زدہ کردیا۔تفصیلات کے مطابق 10سالہ بنگلہ دیشی،جدہ کی فلاحی انجمن ’’خیر کم‘‘کے زیر انتظام چلنے والے صباحی اسکول میں زیر تعلیم ہے۔ یہ غیر عربوں کیلئے مخصوص ہے۔ اسکول الہادی کمپلیکس کے نام ہے معروف ہے۔ ڈائریکٹر شیخ محمد شفیع عبدالحکیم نے بتایا کہ بنگلہ دیشی طالب علم ولید 3برس قبل داخل ہوا تھا۔ اس نے برق رفتاری سے قرآن پاک حفظ کرکے سب لوگوں کی محبتیں سمیٹ لیں۔شیخ کا کہنا ہے کہ ایک دن ولید کے استاد ولی الرحمان خان نے اپنے طالب علم کا انوکھے انداز سے امتحان لیا۔ انہوں نے ولید سے آیتوں کے نمبر، سورت، پارے کا نام ، صفحہ نمبر وغیرہ دریافت کئے تو صحیح جواب سن کر وہ خوشگوار حیرت میں مبتلا ہوگئے۔ولید بنگلہ دیشی ایک طرح سے قرآنی کمپیوٹر ہے۔ وہ کسی بھی سورت کی آخری آیت سے تلاوت پر قادر ہے ۔ کہیں سے بھی اس سے کسی سورت ، کسی رکوع کی آخری آیت پڑھنے کیلئے کہا جاتا ہےتو وہ رواں دواں شکل میں سنانے لگتا ہے ۔اس نے ریکارڈ وقت میں 500سے زیادہ احادیث بھی حفظ کررکھی ہیں۔ ولید ، امام حرم شیخ عبدالرحمن السدیس کی تلاوت پابندی سے سنتا ہے۔ اس کا خواب ہے کہ وہ قرآن کریم کی تفسیر میں مہارت حاصل کرے۔الہادی کمپلیکس میں پاکستان، برما، ہندوستان، چاڈ ، ترکی ،افغانستان، بنگلہ دیش اور صومالیہ کے طلبہ زیر تعلیم ہیں۔