Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ورلڈ کپ سیمی فائنل کی پِچ کا تنازع، آسٹریلوی کپتان بھی بول پڑے

پِچ کے حوالے سے ابھی تک آسٹریلوی ٹیم کی جانب سے کوئی شکایت نہیں کی(فوٹو: سکرین گریب)
آئی سی سی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میچز سے قبل پِچ کے حوالے سے پیدا ہونے والے تنازعے پر آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز نے بھی تبصرہ کیا ہے۔
انڈین نیوز چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق پیٹ کمنز نے بدھ کو کہا کہ انہیں آئی سی سی پر ’اعتماد‘ ہے اور ان کی ٹیم کو اس ٹورنامنٹ کے دوران کسی مسئلے کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔‘
ممبئی کے وانکھیڑے سٹیڈیم میں نیوزی کے لینڈ کے ساتھ انڈیا کے سیمی فائنل سے چند گھنٹے قبل یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ انڈیا کی ٹیم مینجمنٹ نے میچ کے لیے ’سلو پِچ‘ بنانے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔
پیٹ کمنز نے کہا کہ ’میں نے یہ خبر دیکھی ہے۔۔۔ آئی سی سی کے پاس آزاد پِچ کیوریٹر ہے اور مجھے یقین ہے کہ وہ پِچ کے معاملے میں دونوں ٹیموں کے حق میں شفافیت برقرار رکھیں گے۔‘
انہوں نے کہا ’اس ٹورنامنٹ کے میچز میں ہمیں کسی قسم  کی مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔‘
اسے قبل رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ سیمی فائنل کے لیے پہلے ایک نئی پِچ کی منصوبہ بندی کی گئی تھی لیکن بعد میں انڈین ٹیم کے سپنرز کو فائدہ پہنچانے کے لیے ایک پرانی پِچ پر میچ کرایا جائے گا۔
رپورٹ میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا تھا کہ اگر انڈیا فائنل میں پہنچ گیا تو یہ میچ احمد آباد کے نریندر مودی سٹیڈیم کی سلو پِچ پر کھیلا جائے گا۔
آئی سی سی کے ضوابط کے مطابق میزبان بورڈ ‘پِچ کے انتخاب اور اس کی تیاری کا ذمہ دار ‘ ہوتا ہے اور یہ کہ فائنل میں پہنچنے والی ٹیم کو نئی پچ پر کھلانا ضروری نہیں ہے۔
جمعرات کا سیمی فائنل میچ ایڈن گارڈنز کی استعمال شدہ پِچ پر ہو گا۔ یہ وہی پِچ ہے جس پر پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان میچ ہوا تھا۔
سیمی فائنل کی پِچ کے حوالے سے ابھی تک آسٹریلوی ٹیم کی جانب سے کوئی شکایت نہیں کی کیونکہ دونوں ٹیموں نے میچ سے قبل پِچ کا جائزہ لے لیا ہے۔

شیئر: