Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی اور کوالالمپور کے درمیان پروازوں کا آغاز، پہلی پرواز آج پہنچے گی

باٹک ایئر کراچی سے کوالالمپور کے لیے ہفتے میں تین پروازیں چلائے گی (فائل فوٹو: وکی پیڈیا)
ملائیشیا کی نجی ایئرلائن کمپنی باٹک ایئر کی پہلی پرواز آج بروز سنیچر شام ساڑھے سات بجے کوالالمپور سے کراچی پہنچے گی۔
ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق ’ملائیشیا کے قونصل جنرل اور سی اے اے کے حکام مسافروں کا استقبال کریں گے۔‘
باٹک ایئر کراچی سے کوالالمپور کے لیے ہفتے میں تین پروازیں چلائے گی۔
باٹک ایئر کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق کوالالمپور سے کراچی منگل، جمعرات اور سنیچر کے روز پروازیں چلائی جائیں گی۔
’باٹک ایئر کی پرواز او ڈی 135 کوالالمپور سے ہر منگل، جمعرات اور سنیچر کی رات پونے 8 بجے کراچی پہنچے گی۔‘
ایئرلائن کے مطابق ’ان ہی تین دنوں میں کراچی سے پرواز او ڈی 136 رات پونے 9 بجے کوالالمپور کے لیے روانہ ہو گی۔‘
رواں برس اکتوبر سے شروع ہونے والے آپریشن میں باٹک ایئرلائن میں سفر کرنے والے طلبہ اور بڑے گروپس کو ٹکٹ کی خریداری میں رعایت دی جائے گی۔
ستمبر میں باٹک ایئرلائن نے پاکستان میں اپنے آپریشنز کو وسعت دیتے ہوئے کراچی اور ملائیشیا کے درمیان بھی پروازیں شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ملائیشیا کی باٹک ایئرلائن لاہور سے کوالالمپور کے لیے روزانہ ایک پرواز چلا رہی ہے۔
باٹک ایئر کوالالمپور سے براستہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے لیے بھی اپنی پروازیں شروع کر چکی ہے۔

شیئر: