فیصل بن فرحان سے برطانوی لیبر پارٹی کے شیڈو وزیر خارجہ کی ملاقات
ملاقات میں غزہ کی تازہ صورت حال اور فوری جنگ بندی کی اہمیت پر زور دیا گیا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے بحرین میں منعقدہ ’منامہ ڈائیلاگ 2023‘ میں برطانوی لیبر پارٹی کے شیڈو وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی نے ملاقات کی۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق شہزادہ فیصل بن فرحان بحرین میں منعقدہ منامہ ڈائیلاگ میں شرکت کی غرض سے جمعہ کی شب منامہ روانہ ہوئے تھے۔
منامہ ڈائیلاگ میں سعودی وزیر خارجہ نے جہاں مختلف ممالک کے اعلٰی عہدیداروں سے ملاقات کرکے غزہ مسئلے پر تبادلہ خیال کیا وہاں ان سے برطانوی لیبرپارٹی کے شیڈو وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی نے ملاقات کی۔
اس دوران سعودی وزیر خارجہ نے غزہ پٹی میں متاثرین تک انسانی بنیادوں پر امدادی تنظیموں کی فوری رسائی اور ضروری امدادی اشیا کی ترسیل کو قابل عمل بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
سعودی وزیر خارجہ نے غزہ کی پٹی سے فلسطینیوں کے خلاف عسکری کارروائیوں اور جبری نقل مکانی کے عمل کو فوری روکنے کے لیے عالمی برادری کے کردار کی اہمیت پرزور دیا۔ انہوں نے اسرائیلی قبضے کو بین الاقوامی انسانی قوانین کی صریح خلاف ورزی قرار دیا۔
اس موقع پر سعودی وزیر خارجہ کے دفتر کے ڈائریکٹر جنرل عبدالرحمان الدواد اور بحرین میں متعین سعودی سفارت خانے کے ناظم الامور صالح بن فلاح بھی موجود تھے۔