شہزادہ فیصل بن فرحان سے جرمن وزیرخارجہ کی ملاقات
غزہ اورخطے کی تازہ ترین صورتحال پرتبادلہ خیال کیا (فوٹو، ایکس )
سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے ریاض میں وفاقی جمہوریہ جرمنی کی وزیرخارجہ اینالینا نے ملاقات کی۔
عاجل نیوز کےمطابق ملاقات میں فریقین نے غزہ اورگردونواح کی تازہ ترین صورتحال اوراس حوالے سے بین الاقوامی سطح پرکی جانے والی کوششوں پربھی تبادلہ خیال کیا۔
سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے بین الاقوامی انسانی قانون کے ضوابط پرعمل کرنے کی اہمیت پرزوردیا جس میں شہریوں کو نشانہ بنانے کے عمل کو فوری روکنے پرزوردیا گیا ہے۔
دونوں وزرا نے عالمی برادری کی جانب سے غزہ میں فوری جنگ بندی اورمسئلہ فلسطین کے منصفانہ اورجامع حل تک پہنچنے کے لیے اقوام متحدہ اورسلامتی کونسل کی قراردادوں پرعمل کرانے کےلیے سنجیدگی سے کی جانے والی کوششوں پربھی روشنی ڈالی۔
انہوں نے غزہ پٹی کے شہریوں تک طبی و دیگر امدادی اشیا کو بروقت پہنچانے کی اہمیت پربھی تبادلہ خیال کیا۔