انعامی رقم کی کالز کے لالچ میں نہ آئیں، محکمہ امن عامہ
جعل سازوں کے بارے میں قریبی تھانے یا ’کلنا امن‘ ایپ پراطلاع دی جائے(فوٹو، ایکس)
محکمہ امن عامہ نے سعودیوں اور مملکت میں رہنے والے غیرملکیوں کو خبردار کیا ہے کہ انعامی رقم کی لالچ میں نہ آئیں۔ ٹیلی فون اوردیگر ذرائع سے موصول ہونے والی غلط اطلاعات پرتوجہ نہ دی جائے۔
عاجل نیوز کے مطابق محکمہ امن عامہ نے لوگوں کو خبردار کیا ہے کہ ٹیلی فون پرغیرمعمولی نمبروں سے موصول ہونے والی ایسی کالز پر قطعی طورپرتوجہ نہ دی جائے جس میں یہ کہا جاتا ہے کہ آپ کا انعام نکلا ہے۔
ایسی کالز یا میلز موصول ہونے پرانکے بارے میں قریب ترین پولیس آفس میں اطلاع دیں علاوہ ازیں ’کلنا امن‘ کی ایپ پربھی ان جعل سازوں کے بارے میں اطلاع دی جا سکتی ہے۔
واضح رہے ماضی میں ایسے بے شمار واقعات رونما ہوچکے ہیں جن میں لوگوں کو خطیررقم انعام میں نکلنے کی نوید سنا کر ان سے یہ مطالبہ کیا جاتا تھا کہ انعام وصول کرنے کےلیے فائل مکمل کرنی جس کی فیس ادا کرنا ضروری ہے۔
سادہ لوح لوگ ان جعل سازوں کا شکار ہوجاتے جو انہیں موبائل چارجنگ واؤچرز ارسال کردیتے تھے۔ جعل ساز ان سے اچھی خاصی رقم اینٹھ کران کا نمبر بلاک کردیا کرتے تھے۔
موبائل پرانعامی اسکیم کے حوالے سے جعل سازی عام ہونے پر دھوکے بازوں نے بینک اکاونٹ فراڈ سسٹم کے ذریعے کافی لوگوں کو لوٹا تھا۔
اس حوالے سے مملکت کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے سائبرکرائم کنٹرول یونٹ کی جانب سے جامع انداز میں کارروائی کرتے ہوئے ایسے متعدد گروہوں کو گرفتار کرنے میں کامیابی بھی حاصل کرلی جو یہاں سے اپنا نیٹ ورک آپریٹ کر رہے تھے۔