معمر شہری سے فراڈ ،23 ملین ریال ہتھیانے میں ملوث گروہ گرفتار
سرمایہ کار نے جعلسازی کے ذریعے لافرم بھی قائم کی ہوئی تھی (فائل فوٹو: عاجل)
سعودی پبلک پراسیکیوشن نے 23 ملین ریال ہتھیانے کے لیے ایک معمر شہری کو دھوکہ دینے والے سات شہریوں کو حراست میں لیا ہے۔ وکیل، سرکاری اہلکار اور سرمایہ کار شامل ہیں۔
عکاظ اخبار کے مطابق پبلک پراسیکیوشن نے بیان میں کہا ’ سات شہریوں پر مشتمل مجرمانہ گروہ کے ساتھ پوچھ گچھ مکمل کرلی گئی۔ دھوکہ دہی، جعلسازی، منی لانڈرنگ اور انفارمیشن کرائمز میں ملوث پائے گئے‘۔
بیان میں کہا گیا کہ ’ گروہ کے ساتھ پوچھ گچھ میں متعدد حقائق سامنے آئے ہیں۔ گروہ کا سرغنہ ایک سرمایہ کارتھا۔ ان میں سے ایک خود کو وکیل ظاہر کررہا تھا‘۔
ساتوں افراد نے ایک ایسے بوڑھے سے 23 ملین ریال ہتھیانے کامنصوبہ بنایا جو مختلف بیماریوں میں مبتلا ہے۔
گروہ میں شامل سرمایہ کار نے معمر شہری سے سابقہ شناسائی کی بنیاد پر وکیل کا کردار ادا کیا۔ اسےاس کے مالی معاملات اور جائداد کے حوالے سے تمام معلومات تھیں۔
سرمایہ کار نے جعلسازی کے ذریعے لافرم بھی قائم کی ہوئی تھی۔
پبلک پراسیکیوشن کا کہنا ہے ’ملزمان پر فرد جرم عائد کرکے سپیشل کورٹ کے حوالے کرکے شواہد جمع کرادیے۔ سخت سزا کا مطالبہ کیا گیا ہے‘۔