Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض میں متروک عمارت کی دیواروں سے سٹریٹ آرٹ فیسٹیول کا آغاز

سعودی وزارت ثقافت کے زیراہتمام یہ فیسٹیول 6 دسمبر تک جاری رہے گا۔ فوٹو عرب نیوز
ریاض کے المغرزات ڈسٹرکٹ میں 15 سال سے غیرآباد ایک عمارت کی دیواروں پر منفرد پینٹنگز سے سالانہ RSH سٹریٹ آرٹ فیسٹیول کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی وزارت ثقافت کے بصری آرٹس کمیشن کے تعاون سے سٹریٹ آرٹ فیسٹیول کا اہتمام کیا گیا ہے جو 6 دسمبر تک جاری رہے گا۔

فیسٹیول کا مقصد اس فن سے منسلک کمیونٹیز کو ابھارنا ہے۔ فوٹو عرب نیوز

فیسٹیول میں 30 سے ​​زائد بین الاقوامی، علاقائی اور مقامی فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کر رہے ہیں، فیسٹیول کا مقصد ریاض شہر کو خوبصورت بنانے کے لیے اس فن سے منسلک کمیونٹیز کو ابھارنا ہے۔
آرٹ فیسٹیول کی ذمہ دار بسمہ فیلمبان نے بتایا ہے کہ تہوار کے ذریعے سعودی عرب اور پوری دنیا کے فنکاروں کی صلاحیتوں کو پیش کیا جا رہا ہے جو ان کے منفرد کام کی مختلف انداز سے عکاسی کرتی ہیں۔
اس موقع پر مختلف ورکشاپس ،لیکچرز اور فنکاروں سے مباحثوں کے ذریعے سٹریٹ آرٹ کے بارے میں آگہی کا بہترین ماحول پیدا کیا جا رہا ہے۔

سعودی عرب کے فنکاروں کی صلاحیتوں کو پیش کیا جا رہا ہے۔ فوٹو عرب نیوز

سعودی سٹریٹ آرٹسٹ سان شین کی پینٹنگز کو میونسپل سکوائر اور سن سیٹ پارک میں مستقل طور پر پیش کیا جائے گا۔
سعودی آرٹسٹ سان شین کا کہنا ہے کہ سن سیٹ پارک ایسا مقام ہے جس سے میں بے حد متاثر ہوں، یہاں فیملیز بچوں کے ہمراہ جمع ہوتی ہیں اور یہ بچوں کے کھیلنے اور اپنے وقت سے لطف اندوز ہونے کی جگہ ہے۔
سعودی سٹریٹ آرٹسٹ زینب المحوزی کی منفرد تخلیق زائرین کے لیے آئس کریم ٹرک کا دلکش منظر پیش کر رہی ہے۔

غیرآباد عمارت کی دیواروں پر منفرد پینٹنگز پیش کی گئی ہیں۔ فوٹو عرب نیوز

زینب المحوزی نے اپنے فن کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہر وہ چیز جو ظاہری طور پر خوش نظر آتی ہے وہ اندر سے ایک جیسی نہیں ہوتی۔
میں نے اپنے فن کے ذریعے بچوں کے اس تصور کا انتخاب کیا ہے جو کہ سب سے زیادہ متاثر کن ہے۔
سعودی فنکار فواد الغریب نے 2034 کے فٹبال ورلڈ کپ کی طرف دوڑتے ہوئے سعودی لوگو کو ایک دیوار پر دکھایا ہے۔
 

شیئر: