Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سٹریٹ آرٹ: جانوروں اور انسانوں کے تعلق کی کہانی، سعودی خاتون کے فن پاروں کی زبانی

نورہ بن سعیدان کا کہنا ہے کہ میں مملکت کے ہر شہر میں اپنا ایک شاہکار تخلیق کرنا چاہتی ہوں۔ فوٹو: عرب نیوز
سعودی عرب میں سٹریٹ آرٹسٹ نورہ بن سعیدان نے ریاض میں چڑیا گھر کی دیوار پر اپنی فنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا جسے نمائش کے لیے کھول دیا گیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق نورہ نے40 میٹر لمبی اور 30 ​​میٹر اونچی اس دیوار پر اپنا شاہکار تخلیق کرنے میں دو ہفتے صرف کیے ہیں۔

گرافٹی آرٹ پیغام پہنچانے کا آسان ذریعہ ہے جسے ترجمے کی ضرورت نہیں۔ فوٹو: ٹوئٹر

رونمائی کی تقریب میں اپنے ہنر کے بارے میں بات کرتے ہوئے آرٹسٹ نے بتایا کہ اس شاہکار کی مدد سے جانوروں اور انسانوں کے مابین تعلق کی کہانی بیان کی گئی ہے۔
نورہ بن سعیدان نے کہا کہ ریاض سیزن جو مملکت کے بڑے ایونٹس میں سے ایک ہے، اس میں اپنے فن کے ساتھ شرکت پر بہت خوش ہوں اور یہ ایسا خواب ہے جو کہ ہر سعودی فنکار دیکھتا ہے۔
’ریاض سیزن میں اپنے فن کا مظاہرہ  دنیا کے سامنے اپنی صلاحیتیں دکھانے کا بہترین موقع ہے۔‘

چڑیا گھر کی دیوارپر جانوروں اور انسانوں کے تعلق کی کہانی بیان کی گئی ہے۔ فوٹو: عرب نیوز

انہوں نے کہا کہ مجھے بہت فخر ہے کہ میرے فن سے مزین دیواروں کو ریاض بلیوارڈ کے اہم ترین لینڈ مارک میں شمار کیا جاتا ہے۔ یہ مجھے واقعی تسکین بخشتا ہے۔
واضح رہے کہ نوجوان سعودی آرٹسٹ کے 16 دیواروں پر بنائے گئے مختلف مناظر اور نمونے ریاض بلیوارڈ سمیت ریاض کے دیگر علاقوں  کی دیواروں کی زینت ہیں۔
نورہ بن سعیدان کا کہنا ہے کہ میں مملکت کے ہر شہر میں اپنا ایک شاہکار تخلیق کرنا چاہتی ہوں اور خاص طور پر العلا اور جدہ میں دیواروں پر اپنی صلاحیتیں بکھیرنے کی امید رکھتی ہوں، میری خواہش ہے کہ اپنا یہ فن پوری دنیا میں پھیلا دوں۔

اس فن سے مزین دیواروں کا ریاض بلیوارڈ میں لینڈ مارک شمار کیا جاتا ہے۔ فوٹو: ٹوئٹر

نورہ بن سعیدان فائن آرٹ کے شعبے میں گریجویٹ ہیں اور بچپن سے ہی سٹریٹ آرٹ کا شوق رکھتی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سٹریٹ آرٹ یہ ہے کہ ہم مختلف طبقات، نظریات اور قومیتوں کے لوگوں تک کیسے پہنچتے ہیں۔ یہ فن ان تک پہنچنے کا آسان ذریعہ ہے اور اسے کسی ترجمے کی ضرورت نہیں۔
 
  • واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: