Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ورلڈ کپ میں شکست پر سیخ پا انڈین شائقین ’غلط ایڈم زیمپا‘ کو ’گالیاں‘ دے رہے ہیں

انڈین مداحوں کی جانب سے ٹریوس ہیڈ کی اہلیہ اور ایک برس کی بیٹی کو بھی ہراسیت کا نشانہ بنایا جا رہا ہے (فوٹو: جیس ہیڈ انسٹاگرام)
آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل میں انڈیا کی آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کے بعد انڈیا میں سوگ کا سا سماں ہے۔
انڈین ٹیم پورے ٹورنامنٹ میں فائنل سے پہلے ایک بھی میچ نہیں ہاری تھی لیکن فائنل میں آسٹریلیا کے سامنے روہت شرما کی ٹیم بالکل بے بس نظر آئی اور اہم ترین میچ میں اسے شکست ہوگئی۔
فائنل میں شکست کے بعد انڈین ٹیم پر میڈیا اور سوشل میڈیا پر جہاں تنقید کی جا رہی ہے وہیں کچھ مداح اپنی بھڑاس آسٹریلوی کھلاڑیوں اور اُن کے اہلخانہ کے انسٹاگرام کے کمنٹ سیکشن میں نکال رہے ہیں۔
اسی سلسلے میں سوشل میڈیا پر ایک دلچسپ پوسٹ وائرل ہے جس میں کچھ انڈین فینز یورپ کے ملک سلوواکیا سے تعلق رکھنے والے ایڈم زیمپا نامی شخص کو آسٹریلوی لیگ سپنر ایڈم زیمپا سمجھ کر ٹرول کر رہے ہیں اور گالم گلوچ کا نشانہ بنا رہے ہیں۔
یہ ’غلط ایڈم زیمپا‘ سلوواکیا سے تعلق رکھنے والے سکی ریسر ہیں جن کا کرکٹ سے کوئی دور دور تک تعلق نہیں ہے۔
ایڈم زیمپا نے فائنل میں ایک وکٹ حاصل کی جبکہ انہوں نے دوران فیلڈنگ انڈین اوپنر شبھمن گِل کا کیچ پکڑ کر اپنی ٹیم کو اہم کامیابی دی تھی۔
 

فوٹو: سکرین شاٹ ٹوئٹر

دوسری جانب انڈین مداحوں کی جانب سے فائنل کے پلیئر آف دی میچ ٹریوس ہیڈ کی اہلیہ اور ایک برس کی بیٹی کو بھی ہراسیت، گالم گلوچ اور دھمکیوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
صرف یہ ہی نہیں، ورلڈ کپ کے فائنل میں شکست کے بعد انڈین ٹیم کے مداح گلین میکسویل کی انڈین نژاد آسٹریلوی اہلیہ وِنی رامان کو بھی نفرت اور دھمکی آمیز مسیج بھیج رہے ہیں۔
خیال رہے اتوار کو احمد آباد میں کھیلے گئے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل میں آسٹریلیا نے انڈیا کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر چھٹی مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کر لیا تھا۔

شیئر: