سعودی عرب کے تاریخی علاقے العلا میں 16 نومبر سے قدیم ’کنگڈمز فیسٹیول‘ کا انعقاد ہو رہا ہے جس کے دوران خطے کی تاریخ اور ورثے کو اجاگر کیا جائے گا۔
عرب نیوز کے مطابق العلا موومنٹ کے زیراہتمام یہ فیسٹیول 2 دسمبر تک جاری رہے گا جو میلے میں شرکت کرنے والوں کو العلا کے تاریخی ادوار کے ساتھ دلفریب ماضی کی یادوں میں لے جائے گا۔
فیسٹول کے پروگراموں میں ثقافتی تقریبات، شام کی بیٹھک، تاریخی پکوان کی لذت اور آثار قدیمہ کے ساتھ ساتھ تاریخی مقامات کی سیر بھی شامل ہیں۔
رواں سال کی تقریبات العلا میں الحجر کے یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے میں شامل ہونے کی 15 ویں سالگرہ کے موقع پر منائی جارہی ہیں۔
مشہور عرب سیاح ابن بطوطہ نے 14 ویں صدی میں اس علاقے کا سفر کیا تھا اور اپنی یادداشتوں میں اس کا ذکر کیا تھا کہ گذشتہ کئی صدیوں سے یہ راستہ مکہ جانے والے زائرین اور دیگر تاجروں کی گزرگاہ رہا ہے۔
مغربی سیاحوں میں معروف نام چارلس مونٹاگو ڈوٹی نے بھی اس علاقے کے احوال کا ذکر اپنی کتاب ’ ٹریولز ان عرب ڈیزرٹ‘ میں کیا ہے۔
الحجر کا علاقہ اب مملکت کے نمایاں اور مخصوص سیاحتی مقامات میں سے ایک کے طور پر دنیا بھر کے سیاحوں میں مشہور ہے۔
رائل کمیشن فار العلا کے چیف ٹورازم آفیسر فلپ جونز نے بتایا ہے کہ الحجر کی تاریخی کہانیاں اور سربستہ راز وقت کے ساتھ ساتھ اس بات کو عیاں کر رہے ہیں کہ یہ علاقہ ہمیشہ ہی اہم رہا ہے۔
فلپ جونز نے مزید بتایا کہ رواں سال کا کنگڈمز فیسٹیول عالمی سطح کی سرگرمیوں کے علاوہ یہاں کی میراث اور ثقافت پر منفرد روشنی ڈالے گا۔