Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

العلا میں دو لاکھ سال قدیم پتھر کے دور کی کلہاڑی دریافت

سعودی عرب میں رائل کمیشن فار العلا نے اعلان کیا ہے کہ العلا میں قرح سائٹ پر آثار قدیمہ کی ٹیموں نے ایک ’دستی کلہاڑی‘ دریافت کی ہے جو پتھر کے دور کی  ہے۔ اس کا اندازہ دو لاکھ سال قبل لگایا گیا ہے۔
نرم بیسالٹ پتھر سے بنی یہ کلہاڑی 51 اعشاریہ تین سینٹی میٹر لمبی ہے جسے کاٹنے یا چھوٹے ٹکڑے کرنے کے لیے استعمال کا جا سکتا تھا۔
 قرح ان تاریخی مقامات میں سے ایک ہے جو ابتدائی اسلامی ادوار اور قبل از اسلام کے دور سے جزیرہ نما عرب میں شہرت رکھتا تھا۔ یہ جزیرہ نما عرب کے اہم ترین شہری مقامات میں سے ایک تھا۔ یہ علاقہ تاریخی رازوں اور تاریخی آثار قدیمہ کی دولت سے مالا مال ہے۔
اسلام کے ابتدائی دور میں یہ علاقہ ترقی اور خوش حالی کا مرکز تھا۔
قدیم دستی کلہاڑی کو ہیریٹیج کنسلٹنسی کمپنی سے تعلق رکھنے والی ماہرین آثار قدیمہ کی ٹیم نے دریافت کیا۔ ماہرین کی یہ ٹیم العلا کے جنوب میں قرہ سائٹ کے ارد گرد کے علاقے میں قدیم زمانے کے انسان کی موجودگی کے شواہد تلاش کر رہے ہیں۔
اس ٹیم کو ابتدائی اسلامی دور کے متعدد آثار قدیمہ ملے ہیں، اب دستی کلہاڑی کی دریافت کے بعد اس کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
یہ دریافت پتھر کے ایک درجن سے زیادہ اسی طرح کے اوزاروں میں سے صرف ایک ہے۔ سائنسی تحقیق سے اس بارے میں مزید تفصیلات سامنے آئیں گی۔
سعودی عرب رائل کمیشن فارالعلا خیبر اور العلا میں فیلڈ ورک کے لیے 11 دیگر خصوصی آثار قدیمہ کے منصوبوں کی نگرانی کر رہا ہے۔

شیئر: