امام کعبہ کی پاکستان آمد، جے یو آئی کے وفد کی ملاقات
امامِ کعبہ الشیخ صالح بن عبد اللہ بن حمید سے جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی سیکریٹری جنرل سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے وفد کے ہمراہ اسلام آباد میں ملاقات کی۔
پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی بھی اس موقع پر موجود تھے۔
جمعیت علمائے اسلام (فضل الرحمان گروپ) کے میڈیا سیل کی جانب سے بدھ کو جاری بیان کے مطابق ’مولانا عبدالغفور حیدری نے وفد کے ہمراہ امامِ کعبہ سے ملاقات کی اور انہیں پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا۔‘
اس موقع پر مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ ’مملکتِ سعودی عرب نے فلسطین اور اسرائیل کی جنگ میں مظلوم فلسطینیوں کی صحیح ترجمانی کرکے پوری اُمتِ مسلمہ کی نمائندگی کی۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’سعودی عرب اسلام کا مرکز ہے اور مملکت کی آواز ساری اُمتِ مسلمہ کی آواز ہے۔‘
جمعیت علمائے اسلام (فضل الرحمان گروپ) کے وفد میں مفتی ابرار احمد، حماد حیدری، محمد کاکڑ اور دیگر شامل تھے۔