سعودی عرب پاکستانی عوام کی مدد جاری رکھے گا: نواف بن سعید المالکی
سعودی عرب پاکستانی عوام کی مدد جاری رکھے گا: نواف بن سعید المالکی
جمعہ 6 اکتوبر 2023 15:49
زین الدین احمد، خرم شہزاد، اردو نیوز
پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا ہے کہ سعودی عرب پاکستانی عوام کی مدد جاری رکھے گا۔
سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی جمعے کو اسلام آباد میں کنگ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کے زیرِاہتمام سال 24-2023 کے لیے سردیوں کے سخت موسم اور پناہ کے لیے امدادی سامان تقسیم کرنے کی تقریب کے بعد اردو نیوز سے گفتگو کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ رواں برس ساڑھے تین لاکھ پاکستانیوں کے لیے 50 ہزار امدادی بیگز تقسیم کیے جائیں گے جن میں سے 25 ہزار سردیوں سے بچاؤ کے سامان کے بیگ ہیں جبکہ 25 ہزار شیلٹر کٹس ہیں۔
سعودی سفیر نے اس موقع پر کہا کہ کنگ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کے زیرِاہتمام ہر برس پاکستان کے لوگوں میں امدادی سامان تقسیم کیا جاتا ہے اور یہ خصوصی پروگرام مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ امدادی بیگز کنگ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کی جانب سے پاکستانیوں بالخصوص دور دراز علاقوں کے شہریوں کے لیے ایک تحفہ ہے۔
اس موقع پر پاکستان کے نگراں وزیر برائے مذہبی امور انیق احمد نے کہا کہ سعودی حکومت ہر وقت مدد کے لیے پاکستان کے ساتھ کھڑی رہتی ہے اور دونوں ممالک کے مابین باہمی تعلق روز بروز مضبوط ہو رہا ہے اور یہ بات دنیا جانتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کنگ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر پاکستان کے لوگوں کو امداد کی فراہمی کا کام گذشتہ 18 برس سے کر رہا ہے۔
انیق احمد نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب ایک دوسرے کی طاقت اور ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم ہیں۔ ہمارے دل ایک دوسرے کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب ایک دوسرے کے لیے بھائیوں جیسے نہیں بلکہ بھائی ہیں۔
تقریب کے دوران کنگ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر خلد العثمانی بھی موجود تھے۔
اس برس فراہم کیے گیے امدادی سامان کے تھیلے پاکستان کے ادارے نیشنل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی کے تعاون سے سیلاب سے متاثرہ افراد میں تقسیم کیے جائیں گے۔ ان میں سے سردیوں کے سامان کے 11 ہزار تھیلے صوبہ خیبر پختونخوا میں، آٹھ ہزار بلوچستان میں اور چھ ہزار گلگت بلتستان میں تقسیم کیے جائیں گے۔
امدادی سامان میں گرم کپڑے، رضائیاں، برتن، سولر پینل، اور واٹر کولر سمیت کئی اشیا شامل ہیں۔