Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سائفر کیس، عمران خان کو خصوصی عدالت میں پیش کرنے کا حکم

عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو 28 نومبر منگل کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم جاری کیا (فوٹو: پی ٹی آئی ایکس)
سائفر کیس میں خصوصی عدالت نے پی ٹی آئی کے چئیرمین عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو طلب کر لیا ہے۔
آفیشل سیکریٹ ایکٹ کے تحت عمران خان اور شاہ محمود قریشی کے خلاف دائر کیس کی سماعت جمعرات کو جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین کی عدالت میں ہوئی۔
شاہ محمود قریشی کی جانب سے ان کے وکیل علی بخاری اور خالد یوسف عدالت میں پیش ہوئے۔
اس موقع پر جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو 28 نومبر (منگل) کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم جاری کیا۔
قبل ازیں سماعت ک دوران جج ابوالحسنات ذوالقرنین کی جانب سے ہائیکورٹ کے فیصلے کی کاپی کے بارے میں استفسار کیا گیا کہ وہ کہاں ہے جو عدالتی عملے نے فراہم کر دی۔
بعدازاں عدالت نے کیس کی سماعت 28 نومبر تک ملتوی کر دی۔
خیال رہے 14 نومبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کے خلاف سائفر کیس کی سماعت جیل میں کرنے سے روک دیا تھا۔
اس روز اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے خلاف سائفر کیس کا ٹرائل اڈیالہ جیل میں کرنے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت کی۔
عمران خان کی طرف سے وکیل سلمان اکرم راجہ عدالت میں پیش ہوئے جبکہ ڈپٹی اٹارنی جنرل ارشد کیانی نے بینچ کو ٹرائل کی کارروائی سے متعلق آگاہ کیا تھا۔
فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے جیل ٹرائل پر حکم امتناع جاری کرتے ہوئے ٹرائل کورٹ کو 16 نومبر تک کارروائی کرنے سے روک دیا تھا جس کے بعد آج سماعت اوپن کورٹ میں ہوئی۔

شیئر: