سعودی وزیر خارجہ سے ناروے کی ہم منصب کا رابطہ، غزہ کی صورت حال پر گفتگو
جمعرات 23 نومبر 2023 21:51
دونوں رہنماؤں نے غزہ کی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا۔ (فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے ناروے کی وزیر خارجہ ایسپین بارتھ ایڈے نے جمعرات کی شب ٹیلی فونک رابطہ کیا ۔ دونوں رہنماؤں نے غزہ کی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا ۔
عاجل نیوز کے مطابق ٹیلی فونک رابطے میں دونوں وزراء نے ریاض میں ہونے والی غیرمعمولی مشترکہ عرب و اسلامی سربراہی اجلاس کی جانب سے مقرر کی جانے والی وزارتی کمیٹی کے کام کے طریقہ کار اور بیجنگ، ماسکو، لندن اور پیرس میں کمیٹی کی جانب سے کیے جانے والے مذاکرات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ٹیلی فونک گفتگو میں فریقین نے غزہ میں عسکری کشیدگی کو روکنے کی اہمیت پر بھی بات کی ۔ اس حوالے سے انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کے طریقوں پرغور کیا گیا تاکہ غزہ کے متاثرین کی فوری امداد کی جاسکے۔
شہزادہ فیصل بن فرحان نے غزہ میں جبری نقل مکانی کے حوالے سے مملکت کے دوٹوک موقف کا ذکر کرتے ہوئے اسے سختی سے مسترد کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اسرائیلی قابض افواج کی جانب سے جاری بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے جامع حل تلاش کرنا انتہائی ضروری ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں