Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خاور مانیکا کا بشریٰ بی بی اور عمران خان پر ’دورانِ عدت نکاح‘ کا الزام، درخواست دائر

عمران خان اور بشریٰ بی بی کا نکاح 2018 میں ہوا تھا (فائل فوٹو: پی ٹی آئی ایکس اکاؤنٹ)
بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا نے عمران خان اور ان کی اہلیہ کے خلاف دوران عدت نکاح کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے عدالت میں درخواست دائر کر دی۔
سنیچر کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں خاور مانیکا کی جانب سے دائر کی گئی درخواست پر سماعت ہوئی۔
درخواست میں انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ ’بشریٰ بی بی سے ان کا نکاح 1989 میں ہوا اور وہ دونوں خوش گوار ازدواجی زندگی گزار رہے تھے۔‘
’متحدہ عرب امارات میں مقیم بشریٰ بی بی کی ہمشیرہ نے دھرنے کے دوران ان کا عمران خان سے تعارف کرایا۔‘
خاور مانیکا کا مزید کہنا تھا کہ ’وہ پیری مریدی کا سہارا لے کر میری ذاتی زندگی اور گھر میں داخل ہوئے اور میری عدم موجودگی میں ان کا میرے گھر آنا جانا بھی تھا۔‘ 
’میں نے تحریک انصاف کے چیئرمین کو اپنی فیملی سے دور رکھنے کی بارہا کوشش کی تاہم ان کی جانب سے مداخلت کا سلسلہ جاری رہا۔‘
اس حوالے اس خاور مانیکا کا مزید کہنا تھا کہ ’بعدازاں میں نے مجبوراً 14 نومبر 2017 کو بشریٰ بی بی کو طلاق دے دی۔‘
خاور مانیکا نے اپنی درخواست میں اپنی سابق اہلیہ بشریٰ بی بی اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو سزا دینے کی استدعا کی۔
درخواست کے ساتھ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے نکاح کی کاپی بھی منسلک کی گئی ہے۔
عدالت نے تین گواہوں کو نوٹسز جاری کر دیے جن میں عون چوہدری، مفتی سعید اور خاور مانیکا کا ملازم شامل ہیں۔
درخواست دائر کرتے وقت خاور مانیکا کا بیان بھی ریکارڈ کیا گیا۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت 28 نومبر تک ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ چند روز قبل ایک شہری محمد حنیف کی طرف سے دائر غیر شرعی نکاح کیس واپس لے لیا گیا تھا۔

شیئر: