حج 2024: درخواستوں کی وصولی کا آغاز آج سے، ’خواتین محرم کے بغیر جا سکیں گی‘
وزارت مذہبی امور کے مطابق آئندہ برس تقریباً 89 ہزار 605 پاکستانی سرکاری سکیم کے تحت فریضہ حج ادا کریں گے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں حج 2024 کے لیے پیر سے درخواستوں کی وصولی کا آغاز ہو رہا ہے۔
وزارت مذہبی امور کے ترجمان نے پیر کو ایک بیان میں کہا کہ سرکاری حج سکیم کے تحت 15 نامزد بینکوں میں حج درخواستوں کی وصولی 12 دسمبر تک جاری رہے گی۔
وزارت مذہبی امور کے اعلامیے کے مطابق آئندہ برس تقریباً 89 ہزار 605 پاکستانی سرکاری سکیم کے تحت فریضہ حج ادا کریں گے۔
بیان کے مطابق ’مقررہ تعداد سے زائد درخواستیں موصول ہونے کی صورت میں قرعہ اندازی کی جائے گی جبکہ خواتین پہلی بار محرم کے بغیر حج ادا کر سکیں گی۔‘
واضح رہے کہ 16 دسمبر 2024 تک کارآمد پاکستانی پاسپورٹ پر درخواستیں جمع کروائی جا سکیں گی۔
پاسپورٹ اپلائی کرنے کے ٹوکن پر بھی حج درخواست پراسیس ہو سکے گی۔ سپانسرشپ سکیم کے تحت 25 ہزار نشستیں ’پہلےآئیے پہلے پائیے‘ کی بنیاد پر جمع ہوں گی، جبکہ ریگولر حج سکیم کے تحت موصول ہونے والی درخواستوں پر قرعہ اندازی کی جائے گی۔