سعودی سفیر کی پاکستان فٹبال فیڈریشن نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین سے ملاقات
پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کی پاکستان فٹبال فیڈریشن نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون ملک سے اسلام آباد میں ملاقات ہوئی۔
منگل کو پاکستان فٹبال فیڈریشن کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز کے مطابق اس موقع پر دونوں ملکوں میں فٹبال کا معیار بہتر بنانے کے لیے مشترکہ منصوبوں کے معاملات زیر غور آئے۔
’حال میں نارملائزیشن کمیٹی اورسعودی فٹبال فیڈریشن کے مابین تعاون کے لیے ہونے والے معاہدے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ مختلف شعبوں میں مل کر کام کیا جائے گا۔‘
اس موقع پر سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا کہ ’سعودی فیڈریشن کی جانب سے اس احسن اقدام کے پاکستان فٹبال پر دورس نتائج مرتب ہوں گے، کھلاڑیوں اور کوچز کو اپنی مہارت بہتر بناکر کارکردگی میں نکھار لانے کے مواقع ملیں گے، امید ہے کہ ان کوششوں سے آنے والے وقتوں میں پاکستان سے کئی سپر سٹارز ابھر کر سامنے آئیں گے۔‘
مزید کہا گیا کہ دونوں ملک ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کے لیے مہارت اور معلومات سے فائدہ اٹھائیں گے، باہمی تعاون کی فضا میں دونوں ملکوں میں فٹبال کو عروج کی جانب لے جانے میں مدد ملے گی۔
نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون ملک نے سعودی حکومت اور فٹبال فیڈریشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان فٹبال فیڈریشن کھیل کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے لیے بھرپور کوشش کررہی ہے، اپنی نوعیت کے پہلے ایم او یو سے اس عمل کو تیز تر کرنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ ’ان قدامات سے پاکستانی فٹبالرز جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہوکر کم ازکم ایشیائی سطح پر اپنا لوہا منوانے میں کامیاب ہوسکتے ہیں۔‘