معاون خصوصی کا پاکستانیوں کے لیے سعودی ہیلتھ کیئر سیکٹر میں روزگار کے مواقع بڑھانے پر زور
ڈلہ ہیلتھ کیئر کے سی ای او نے اپنی ٹیم کے ساتھ معاون خصوصی کا استقبال کیا (فوٹو: وزارت سمندرپار پاکستانیز)
پاکستان کے معاون خصوصی برائے وزارت سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل جواد سہراب ملک کی سی ای او ڈلہ ہیلتھ کیئر اور ڈاکٹر سلیمان الحبیب ہسپتال کے وی پی (ایچ آر) بدر الرویلی سے ملاقات ہوئی۔
سنیچر کو وزارت سمندر پار پاکستانیز کی جانب سے جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ہونے والی اس ملاقات میں معاون خصوصی نے پاکستانی پیشہ ور افراد کے لیے سعودی ہیلتھ کیئر سیکٹر میں روزگار کے مواقع بڑھانے پر زور دیا۔
ملاقات میں سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق اور دیگر اعلیٰ سرکاری حکام نے بھی شرکت کی۔
معاون خصوصی نے ڈلہ ہیلتھ کیئر کا بھی دورہ کیا۔ ڈلہ ہیلتھ کیئر کے سی ای او نے اپنی ٹیم کے ساتھ معاون خصوصی کا استقبال کیا۔
دونوں ہسپتال سعودی عرب میں صحت کی دیکھ بھال کی خدمات فراہم کرنے میں سرکردہ ہیں اور مملکت بھر میں جاری توسیعی منصوبوں میں ان کا اہم کردار ہے۔
سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانی ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرا میڈیکل سٹاف کے کام کے معیار کی بھی تعریف کی گئی۔
ملاقات میں پاکستان سے مزید بھرتیوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔ پاکستانی صحت کی دیکھ بھال کرنے والے پیشہ ور افراد کو سعودی صحت کی دیکھ بھال کے شعبے میں مؤثر طریقے سے شامل کرنے پر غور کیا گیا۔
مزید کہا گیا کہ سعودی عرب میں صحت کی دیکھ بھال کا شعبہ موجودہ اور مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں کی وجہ سے بڑھ رہا ہے۔ سعودی عرب میں صحت کی دیکھ بھال کرنے والے پیشہ ور افراد کی بہت زیادہ مانگ ہے۔
پریس ریلیز کے مطابق معاون خصوصی کی ملاقات پاکستانی صحت کی دیکھ بھال کے پیشہ ور افراد کو سعودی عرب میں ملازمت کے اچھے مواقع فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔