Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مشرق وسطیٰ میں سمارٹ موبائل کی طلب کیوں بڑھ رہی ہے؟

سمارٹ موبائل کے کاروبار میں 21 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ (فوٹو: الاقتصادیہ)
مشرق وسطی میں 2023 کی تیسری سہ ماہی کے دوران سمارٹ موبائل کے کاروبار میں 21 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ 
الاقتصادیہ کے مطابق سمارٹ فون کے کاروبار کو ان دنوں بین الاقوامی چیلنجوں کا سامنا ہے تاہم مشرق وسطیٰ میں سمارٹ فونز کی مارکیٹ مسلسل آگے بڑھ رہی ہے۔ 
مشرق وسطی میں ترقی یافتہ ٹیکنالوجی اور سمارٹ فونز کے شعبے میں نئی تبدیلیوں کی بڑھتی ہوئی طلب کے اسباب ہیں۔ 
اس حوالے سے ایک بڑا سبب یہ بیان کیا جا رہا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں ٹیکنالوجی کی آگہی بڑھ رہی ہے ۔ لوگوں کی زندگی میں سمارٹ فون پر انحصار میں اضافہ ہو رہا ہے۔
سمارٹ فون، رابطے، تفریح، مارکیٹنگ اور ملازمت کا بنیادی وسیلہ بن گیا ہے جبکہ فائیو جی ٹیکنالوجی کے رواج اور لاسلکی نیٹ ورک کے فروغ نے بھی جدید طرز کے سمارٹ فونز کی طلب بڑھا دی ہے۔ 
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے ترکیہ کو چھوڑ کر مشرق وسطیٰ میں 2023 کی تیسری سہ ماہی کے دوران سمارٹ فونز کے 12 ملین سیٹ فروخت ہوئے۔ سالانہ کی بنیاد پر21 فیصد اضافہ ہوا۔ یہ اضافہ تیل کے نرخوں میں کمی کے باوجود ہوا ہے۔ 
سعودی عرب کے جاری کردہ اعدادوشمار میں بتایا گیا کہ 2022 کی تیسری سہ ماہی کے مقابلے میں مملکت میں سال رواں کی تیسری سہ ماہی کے دوران سمارٹ موبائلز کی طلب میں 46 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ 

شیئر: