Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گوگل اور انڈین ارب پتی مکیش امبانی نے ’دنیا کا سب سے سستا‘ سمارٹ فون لانچ کر دیا

نئے فون کی لانچنگ اس ہفتے کے آخر میں ہندو تہوار دیوالی کے موقع پر ہوئی ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
گوگل اور ایشیا کے سب سے امیر شخص مکیش امبانی نے انڈیا میں دنیا کے سب سےسستے سمارٹ فون کے لیے ایڈوانس آرڈر کھول دیے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق گوگل اور مکیش امبانی کا پیر کو اٹھایا گیا یہ اقدام تیزی سے فروغ پذیر مارکیٹ میں داخل ہونے کی دوڑ کا حصہ ہے۔
مکیش امبانی کی کمپنی ریلائنس انڈسٹریز نے گزشتہ سال جولائی میں اعلان کیا تھا کہ وہ 4 جی سمارٹ فون لانچ کرنے کے لیے گوگل کے ساتھ شراکت کرے گی۔ اس طرح وہ چینی اور جنوبی کوریائی مینوفیکچررز کے ساتھ مقابلہ کرے گی جن کی پوزیشن انڈیا میں پہلے سے ہی مستحکم ہے۔
JioPhone Next 10  انڈین زبانوں میں مواد پیش کرے گا اور اس کی قیمت 6400 روپے (یعنی 87 ڈالرز) ہے، جس میں سے صارفین ابتدائی طور پر 1999 روپے جبکہ باقی رقم قسطوں میں ادا کر سکیں گے۔
امبانی نے ایک بیان میں کہا کہ یہ ہینڈ سیٹ ایک ’بریک تھرو ڈیوائس‘ ہے جو ’عام انڈینز کو بااختیار بنائے گا اور ان کے ڈیجیٹل سفر کو اگلے درجے تک لے جائے گا۔‘
لیکن ایمکے گلوبل فنانشل سروسز کے تجزیہ کار نیول سیٹھ اور سونالی شاہ نے ایک نوٹ میں کہا کہ قیمت کا ٹیگ فی الحال ’عوام کے لیے کافی پرکشش‘ نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ریلائنس کی ٹیلی کام  ونگJio  نے پچھلے فونز کی قیمتوں میں کئی بار کمی کی ہے ’جس سے اس کی صارفین میں قبولیت میں تیزی آئی۔‘
واضح رہے کہJio  39 کروڑ 83 لاکھ سبسکرائبرز کے ساتھ ہندوستان کا سب سے بڑا موبائل نیٹ ورک آپریٹر ہے، جس نے 2016 میں لانچ ہونے پر مفت کالز اور انتہائی سستے ڈیٹا کے ساتھ مارکیٹ میں اضافہ کیا۔
مذکورہ نئے فون کی لانچنگ اس ہفتے کے آخر میں ہندو تہوار دیوالی کے موقع پر ہوئی ہے جو روایتی طور پر انڈیا میں سال کا سب سے بڑا خریداری کا دورانیہ ہوتا ہے۔

شیئر: